الیکشن مہم کیلئے اداکاروں واداکارئوں کی خدمت لی جانے لگیں

ماڈل و اداکارہ ماہم جاوید اور کومل عزیز خان کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہورہی ہیں

بدھ 4 جولائی 2018 12:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2018ء) اس بار انتخابی مہم کے لیے جہاں سوشل میڈیا کا زیادہ سے زیادہ استعمال دیکھنے کو مل رہا ہے، وہیں سوشل میڈیا پر مہم کو زیادہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنانے کے لیے اداکاروں و اداکاراؤں کی خدمات بھی لی جا رہی ہیں۔ایسی ہی سامنے آنے والی 2 ویڈیوز میں ماڈل و اداکارہ ماہم جاوید اور کومل عزیز خان کی ویڈیوز بھی ہیں، جو تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔

اگرچہ سوشل میڈیا پر اداکاراؤں کی وائرل ہونے والی ویڈیوز سے یہ پتہ نہیں چل رہا کہ انہوں نے یہ ویڈیو معاوضہ لے کر ریلیز کی یا پھر انہوں نے اپنی پسند کی پارٹی اور امیدوار کی مہم بطور کارکن چلائی۔تاہم ان ویڈیوز کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار انتخابات میں سیاسی جماعتیں اور امیدوار اپنے حلقے کے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے غیر روایتی طریقے بھی آزما رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اداکارہ و ماڈل ماہم جاوید کی سامنے آنے والی مختصر ویڈیو میں انہیں کراچی کے علاقے کورنگی کے صوبائی حلقے پی ایس 93 کی خاتون امیدوار گل رعنا کی حمایت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ماہم جاوید اپنے ویڈیو پیغام میں لوگوں سے یہ درخواست کرتی دکھائی دیتی ہیں کہ پی ایس 93 کے لوگ 25 جولائی کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی امیدوار گل رعنا کو ووٹ دے کر کراچی کو بدلنے کا آغاز کریں۔

ان کی یہ ویڈیو وائرل ہوگئی اور کئی لوگوں نے اپنا ووٹ دوسرے حلقوں سے تبدیل کروا کر پی ایس 93 میں شامل کروانے کی خواہش کا اظہار کیا۔دوسری جانب ماڈل و اداکارہ کومل عزیز خان کی بھی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں وہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کے صوبائی حلقے پی ایس 111 کے امیدوار سید مبشر ایمان کی حمایت کرتی نظر آئیں۔