تشدد کرنے اورتنخواہ نہ دینے کا الزام‘بالی ووڈ اداکارہ کیخلاف نوکرانی کا مقدمہ

کپڑے دھوتے وقت معمولی غلطی ہوگئی ‘مالکن کوفوری بتایاتود تشدد کر کے گھر سے نکال دیااور تنخواہ بھی روک لی‘نوکرانی

بدھ 4 جولائی 2018 12:00

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2018ء) بالی ووڈ اداکارہ کم شرما پر 27 سالہ نوکرانی ایستھر کھیس نے تشدد کرنے اور تنخواہ نہ دینے کا مقدمہ درج کروادیا۔ممبئی مرر کی رپورٹ کے مطابق 27 سالہ ایستھر کھیس نے اپنی سابق مالکن 38 سالہ کم شرما پر انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کی دفعہ 323 اور 504 کے تحت تشدد اور بے عزت کرنے کا مقدمہ درج کروادیا۔

نوکرانی نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا کہ ان سے مالکن کے کپڑے دھوتے وقت معمولی غلطی ہوگئی تھی، انہوں نے اداکارہ کے سیاہ اور سفید رنگ کے کپڑوں کو ایک ساتھ دھویا تو دونوں رنگوں کے کپڑوں کے رنگ ایک دوسرے سے مل گئے۔نوکرانی کے مطابق انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوا اور انہوں نے یہ بات فوری طور پر کم شرما کو بتائی، جنہوں نے انہیں معاف کرنے کے بجائے ان پر تشدد کیا اور انہیں گھر سے نکال دیا۔

(جاری ہے)

نوکرانی نے دعویٰ کیا کہ اداکارہ نے انہیں نہ صرف گھر سے نکال دیا بلکہ ان کی تنخواہ بھی روک دی۔دوسری جانب اداکارہ نے نوکرانی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نوکرانی پر نہ تو تشدد کیا اور نہ ان کی تنخواہ روکی۔تاہم اداکارہ نے تسلیم کیا کہ نوکرانی نے ان کے 70 ہزار روپے مالیت کے کپڑے خراب کردیئے۔کم شرما کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایستھر کھیس کو تمام تنخواہیں ادا کردی ہیں اور انہوں نے صرف انہیں گھر سے نکال دیا تھا۔علاوہ ازیں ممبئی کے کھار پولیس اسٹیشن کے عہدیداروں نے تصدیق کی کہ اداکارہ کے خلاف نوکرانی کی درخواست پر شکایت درج کرلی گئی ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

متعلقہ عنوان :