مصر ی فورسز کی کارروائی میں تین جنگجو ہلاک ، رفح سرحد پر سرنگیں تباہ،تین جنگجوہلاک

جھڑپوں میں ایک رنگروٹ زخمی ہوگیا، بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو شہری مارے گئے، مصری فوج

بدھ 4 جولائی 2018 12:00

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2018ء) مصری فوج نے جزیرہ نما سیناء میں دہشت گردوں کے خلاف جاری بڑی کارروائی کے دوران میں تین جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے اور غزہ کے ساتھ و اقع سرحدی شہر رفح میں سرنگیں تباہ کردی ہیں ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری فوج نے ایک بیان میں اطلاع دی کہ جنگجوؤں کے خلاف حالیہ دنوں میں یہ کارروائیاں کی گئی ہیں اور ان کے نتیجے میں تین تکفیری مارے گئے ۔

مصری فوج سنی انتہا پسندوں کو تکفیری قرار دیتی ہے۔بیان کے مطابق شمالی سیناء میں واقع شہر رفح میں متعدد سرنگوں کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپوں میں ایک رنگروٹ زخمی ہوگیا تھا اور بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو شہری مارے گئے۔اس دھماکا خیز مواد سے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

رفح بارڈر کراسنگ مصر سے غزہ کی پٹی میں داخلے کے لیے واحد زمینی گذرگاہ ہے جس پر اسرائیل کا کنٹرول نہیں ہے لیکن مصر نے بھی 2013ء کے بعد سے اس کو زیادہ تر بند ہی رکھا ہے اور خاص خاص مواقع پر چند ایک روز کے لیے کھولا ہے۔

مصری حکام کو یقین ہے کہ دہشت گرد رفح کے آس پاس سرنگوں کو شمالی سیناء میں داخلے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔مصری فوج نے فروری میں ’’ سیناء 2018‘‘ کے نام سے جنگجوؤں کے خلاف بڑی کارروائی شروع کی تھی۔اس میں اب تک دو سو سے زیادہ مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں اور پینتیس فوجی مارے گئے ۔انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کا کہنا تھا کہ مصری فورسز نے 9 فروری کو آپریشن کے آغاز کے بعد سے شمالی سیناء میں مشتبہ افراد کے مکانوں ، کاروباروں اور فارموں کو ڈھانے کا کام تیز کررکھا ہے جبکہ مصری فوج کا کہنا ہے کہ سیناء کے مقامی لوگ اس کی جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کی حمایت کرتے ہیں اور انھیں انسانی امداد مہیا کی جارہی ہے۔