مقبوضہ کشمیر، ظفر اکبر اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کا شہید مدثر احمد کی میت ان کے اہلخانہ کے حوالے کرنے کا مطالبہ

بدھ 4 جولائی 2018 12:00

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے ضلع کپواڑہ میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کئے جانے والے سرینگر کے نوجوان مدثر احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہیدکی میت انکے اہلخانہ کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ظفر اکبر بٹ شہید مدثر احمد کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سرینگر کے علاقے برزالہ میں انکے گھر گئے۔

انہوں نے اس موقع پر شہید کے جسد خاکی کو لواحقین کے سپرد نہ کرنے کی کے عمل کواخلاقی و جمہوری قدروں کے منافی قرار دیا ۔ انہوںنے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں ہونے والے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا غازی جاوید اورشکیل احمد پر مشتمل سالویشن موومنٹ کا ایک وفد بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے نوجوان عبید احمد کی عیادت کے لیے صورہ ہسپتال سرینگر گیا ۔

تنظیم کا ایک اور وفد خان نثار کی قیادت میں شہید سجاد احمد کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کپواڑہ گیا۔ جموں کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے کے ترجمان نے بھی ایک بیان میں مدثر احمد کا جسد خاکی فوری طور پر ان کے لواحقین کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ قابض فوجیوں نے مدثر احمد کو گزشتہ ہفتے ضلع کپواڑہ میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کرنے کے بعد انکا جسد خاکی لواحقین کے حوالے کرنے کے بجائے وہیں دفنا دیا تھا۔

ترجمان نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ وادی کے اطراف و اکناف میں جاری بیگناہ کشمیریوں کے قتل اور جبرو استبداد کی دیگر کارروائیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی ترک کر کے تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق کرنے کی طرف آئے تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔

جموںوکشمیرمسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میں بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو جبر واستبداد کی پالیسی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ترجمان نے کہا کہ بڑھتا ہوا بھارتی ظلم و ستم کشمیر یوں کے اندر موجود جذبہ آزادی میں مزید مضبوطی کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین عبدلاحد پرہ ، جنرل سیکریٹری محمد رفیق گنائی ،محمد یوسف میر، وحید احمد گوجری، غلام نبی راتھر، سجاد احمد لون، جاوید احمد بخشی اور منظور للہاری نے کم عمر شہید فیضان احمد اور شہید سجاد احمد شاہ کی یاد میں لدو پانپور اور چوگل ہندواڑہ میں منعقدہ تقریبات میں شرکت کی ۔

ترجمان نے کہا کہ عبدالاحد پرہ نے اس موقع پر شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کشمیری اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیںجانے دیں گے۔