ابوظہبی میں فری پارکنگ کی سہولت کا خاتمہ

18 اگست سے ڈرائیورز کو شہر بھر میں کہیں بھی گاڑی پارک کرنے پر فیس کی ادائیگی کرنا ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ جولائی 12:15

ابوظہبی میں فری پارکنگ کی سہولت کا خاتمہ
ابو ظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 جُولائی 2018) ابو ظہبی شہر میں 18 اگست 2018ء سے پارکنگ کے لیے مخصوص تمام جگہوں پر گاڑی پارک کرنے کی صورت میں پارکنگ فیس ادا کرنا ہو گی۔ اس بات کا اعلان ابو ظہبی ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کار مالکان اور ڈرائیورز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ 18 اگست 2018ء سے قبل اپنی رہائشی پارکنگ کے پرمٹس حاصل کر کے خود کو سزا اور جرمانے سے محفوظ بنا لیں۔

ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہر بھر میں پارکنگ کے مقامات کو منظم بنانا ہے تاکہ لوگوں کی جانب سے وقت بچانے کی غرض سے غلط جگہوں پر گاڑی کھڑی کرنے کی بُری عادت کا خاتمہ کیا جا سکے‘ جو شہر بھر میں ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا سبب بھی بنتا ہے۔ نئے پارکنگ نظام سے لوگوں کی جانب سے فری پارکنگ کی جگہ تلاش کرنے کی خاطر وقت ضائع کرنے سے بھی نجات مِلے گی۔

(جاری ہے)

ابو ظہبی میں پہلی بار پیڈ پارکنگ کی سہولت 2009ء میں اُس وقت متعارف کرائی گئی تھی جب لوگوں کی طرف سے ناکافی پارکنگ کی جگہوں پر ہزاروں شکایتیں درج کرائی گئی تھیں۔ جس کے بعد سے سیکٹر در سیکٹر پارکنگ کی سہولت کی گئی۔ نئے پارکنگ سسٹم کے تحت دو طرح کے پارکنگ مقامات تعارف کرائے گئے ہیں‘ سٹینڈرڈ پارکنگ کے لیے 2 اماراتی درہم فیس رکھی گئی ہے جبکہ پریمیم پارکنگ کے لیے تین درہم ادا کرنا ہوں گے۔

کار ڈرائیورز کو اُن ایریاز میں گاڑی پارک کرنے پر بھی پارکنگ فیس ادا کرنا ہو گی جہاں اس سے قبل پیڈ پارکنگ کا نظام نافذ نہیں کیا گیا تھا ان میں ال مُرور اور البطین جیسے علاقے شامل ہیں۔ جبکہ ایسے ایریاز جو ابھی تک پارکنگ فیس سے مستثنیٰ تھے اُن کے رہائشیوں کو بھی اپنے رہائشی پارکنگ پرمٹس حاصل کرنا ہوں گے کیونکہ 18 اگست کے بعد رہائشی پارکنگ پرمٹس نہ ہونے کی صورت میں اُن پر روزانہ اور گھنٹوں کی بنیاد پر پارکنگ فیس عائد کی جائے گی۔

ابو ظہبی شہر کے رہائشیوں کو سارے زونز میں پارکنگ فیس ادا کرنا ہو گی سوائے اُن سیکٹرز کے جہاں اُن کا رہائشی پارکنگ پرمٹس بنا ہو گا۔ جن کے پاس رہائشی پارکنگ پرمٹس نہیں ہوں گے وہ پارکنگ میں مقامی رہائشیوں کے لیے مخصوص جگہوں پر رات نو بجے سے 8 بجے کے دوران گاڑیاں پارک نہیں کر سکیں گے۔ ایک رہائش گاہ سے صرف دو افراد کو پارکنگ پرمٹس جاری کیے جائیں گے۔ غیر مُلکیوں کے لیے پہلی بار پرمٹ بنوانے پر 800 اماراتی درہم ادا کرنا ہوں گے جبکہ دُوسری بار کے لیے یہ فیس 1200درہم ہو گی۔ یہ پارکنگ پرمٹس ششماہی بنیادوں پر بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ایسی صورت میں پہلی کار کی ششماہی فیس چار سو درہم ہو گی جبکہ دُوسری کار کے لیے 600درہم ششماہی کے حساب سے ادا کرنا ہوں گے۔