حکومت نے مالی سال کے اختتام تکپی ایس ڈی پی کے تحت 752.14 ارب روپے جاری کئے

ترقیاتی بجٹ میں 25 فیصد کٹوتی بڑھتے ہوئے بجٹ خسارے کو کنٹرول کرنے کے لئے کی گئی، منصوبہ بندی کمیشن

بدھ 4 جولائی 2018 12:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2018ء) مالی سال کے اختتام تک حکومت نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی شعبہ کے پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت 752.14 ارب روپے جاری کئے ہیں جو پی ایس ڈی پی 2017-18 ء کے مجموعی بجٹ سے 25 فیصد کم ہے، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی بڑھتے ہوئے بجٹ خسارے کو کنٹرول کرنے کے لئے کیا گیا ہے۔ منصوبہ بندی کمیشن کے ذرائع کے مطابق وفاقی وزارتوں کو مختص کردہ 302 ارب روپے میں سے صرف 186.35 ارب روپے جاری ہوئے جبکہ خصوصی علاقوں کے لئی71 ارب روپے میں سے 66.14 ارب جاری کئے گئے تاہم پاکستان مسلم لیگ (ن) حکومت نے پہلے ہی وزیر اعظم کے پائیدار ترقیاتی اہداف پروگرام کے لئے 30 ارب روپے کا 100 فیصد بجٹ جاری کیا ہے۔

گزشتہ مالی سال کے دوران حکومت نے مجموعی ترقیاتی بجٹ 800ارب روپے میں سے 740 ارب روپے جاری کئے تھے جس میں 93 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے پرائم منسٹر یوتھ ہنر مند پروگرام میں مختص 20 ارب روپے میں سے 13.7 ارب روپے روپے جاری کئے ہیں۔ حکومت نے قومی ہائی وے اتھارٹی کے لئے 302.19 ارب روپے جاری کیے ہیں جس کے لئے مالی سال میں 324.72 ارب روپے مختص کیے گئے تھے جبکہ واپڈا (پاور) کے لئے 43.4 ارب روپے جاری کئے ہیں جس کے لئے 60.9 ارب روپے مختص کئے گئے تھے۔

اسی طرح مواصلاتی ڈویژن (نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے علاوہ) کے لئے 13.66 ارب روپے مختص کیے تھے جس میں سے 8.65 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔ ریلوے ڈویژن نے 42.9 ارب روپے میں سے 19.384 ارب روپے جبکہ ایوی ایشن ڈویڑن کے لئے 4.3 ارب روپے میں سے 3.448 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں۔ حکومت نے اعلیٰ تعلیم کمیشن کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے 35.662 ارب روپے میں سے 26.32 ارب روپیجاری کئے ہی۔

پانی اور پاور ڈویژن (پانی کے شعبی) میں مختص کردہ36.75 ارب روپے میں سے 33.96 ارب روپے کے فنڈزجاری کئے گئے ہیں۔ حکومت نے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈویژن کے لئی48 ارب روپے میں سے 18ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ اسی طرح پاکستان اٹامک انرجی کمشین کے لئے 15ارب روپے میں سے 12 ارب روپے سے زائد، پلاننگ کمیشن کے لئے 8ارب 54 کروڑ روپے میں سے 2 ارب 11 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔

اسی طرح ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈویژن کے لئے 10 ارب 99کروڑ روپے میں سے 7.8 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں۔ اے جے بلاک کے لئے 25 ارب 84 کروڑ روپے میں سے 24ارب 61 کروڑ، گلگت بلتستان بلاک کے لئے 18ارب 30کروڑ روپے میں سے 15 ارب 49کروڑ، سیفران فاٹا کے لئے 26ارب 90کروڑ روپے میں سے 26ارب روپے، ملک میں انرجی فارآل پروگرام کے لئے 12ارب 50 کروڑ روپے میں سے 11ارب 76کروڑ روپے ، ملک میں پینے کے صاف پانی پروگرام کے لئے 12 ارب 50کروڑ روپے میں سے 87کروڑ 59لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔