Live Updates

مریم نواز این اے 127میں پیرا شوٹ کے ذریعے اتر کر کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہیں ‘ مسرت چیمہ

حکومت میں آکر تعلیم ،صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرینگے ،لیگی لیڈی کونسلر کا ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان

بدھ 4 جولائی 2018 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2018ء) تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی ساری ترقی صرف اشتہارات تک محدود تھی ،کارکردگی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے پانامہ خاندان کا 25جولائی کو عوامی عدالت سے بھی فیصلہ آ جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل 128میں مسلم لیگ (ن) کی لیڈی کونسلر باجی خالدہ کی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر لیاقت عرف ماسٹر گلاں، میاں صداقت مجید، مہر شاہد ، رضا خان اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ مریم نواز کی سیاسی یا عوامی کسی طرح کی بھی جدوجہد نہیں ، این اے 125سے فرار کے بعد این اے 127میں پیرا شوٹ کے ذریعے اتر کر کامیابی حاصل کرنے کے خواب دیکھے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام نے دیکھ لیا ہے کہ نام نہاد خادم اعلیٰ کی آنیاں جانیاں صرف دکھاوا تھیںاوران کی ترقی صرف اشتہارات تک محدود تھی جس کا منہ بولتا ثبوت حلقہ این اے 127کی پسماندگی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم میسر نہ آنے کی وجہ سے غریب کا بچہ مقابلے کی دوڑ سے ہی باہر ہے ۔ انشااللہ پی ٹی آئی حکومت میں آکر تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرے گی اور اس مدمیں مختص بجٹ میں کئی گنا اضافہ کیا جائے گا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات