تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، حمزہ شفقات

کسی مارکیٹ میں کارروائی سے پہلے متعلقہ یونین کو اعتماد میں لیا جائے، شیخ عامر وحید

بدھ 4 جولائی 2018 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید کی قیادت میں ایک وفد نے اسلام آباد کے ڈپٹی کمیشنر حمزہ شفقات سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان کو اسلام آباد میں تعیناتی پر مبارک باد پیش کی۔ وفد میں چیمبر کے نائب صدر نثار مرزا، خالد چوہدری، راجہ عبدالمجید، دلدار عباسی، محمد حسین، سید عادل انیس اور دیگر شامل تھے۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانا ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے لہذا اس سلسلے میں ان کو تاجر برادری اور شہریوں کا تعاون درکار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی وہ انتظامی ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں اور سی ڈی اے میں بطور ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن اپنی خدمات انجام دے چکے ہیںجس وجہ سے وہ شہر اور تاجر برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ان کے دروازے چیمبر کیلئے کھلے ہیں اور تاجر برادری کو کوئی بھی مسئلہ ہو تو ضلعی انتظامیہ حل کیلئے بھرپور تعاون کرے گی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا قریبی تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مارکیٹ میں کوئی کارروائی کرنے سے پہلے متعلقہ مارکیٹ کی یونین کو اعتمادمیں لیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری نے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیا ہے اور ملک کے وسیع تر مفاد میں آئندہ بھی تعاون کرے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسٹام پیپر کی مالیت میں اضافہ کیا جائے جس سے پراپرٹی بزنس کو سہولت ملے گی۔انہوںنے کہا کہ رمضان المبارک میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پرائس چیکنگ کے نام پر تاجر براری کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے تھے جبکہ ایسے اقدامات سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔انہوںنے کہا کہ کسی بھی مارکیٹ میں کوئی ایکشن لینے سے قبل متعلقہ مارکیٹ یونین کو مشاورت میں شامل کیا جائے تاکہ مشترکہ کوششوں سے مسائل حل کئے جائیں۔