الیکشن کمیشن نے ملک میں آزادانہ اور شفاف الیکشن کرانے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلیئے ہیں، ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کیلئے مانیٹرنگ افسران مقرر کر دیئے تاکہ کسی کو الیکشن پر انگلی اُٹھانے کا موقع نہ مل سکے ، صوبائی الیکشن کمشنرپیر مقبول احمد

بدھ 4 جولائی 2018 18:23

الیکشن کمیشن  نے ملک میں آزادانہ اور شفاف الیکشن کرانے کیلئے تمام ..
مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جولائی2018ء) صوبائی الیکشن کمشنر پیر مقبول احمد خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں آزادانہ ،منصفانہ اور شفاف الیکشن کرانے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے ہیں،اس حوالے سے الیکشن کمیشن حکام ،آراوز اور مانیٹرنگ افسران اپنے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دے رہے ہیں ۔وہ اپنے دورہ مردان کے موقع پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر ، مختلف حلقوں کے ریٹرننگ افسران اور الیکشن کمشن حکام سے بات چیت کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

ریجنل الیکشن کمشنر نعیم خان ، ڈسٹرکٹ الیکشن افسر عبدالروف مروت بھی ان کے ہمراہ تھے ۔صوبائی الیکشن کمشنر نے ڈی آر او ڈسٹرکٹ سیشن جج مردان روف خان سے بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ الیکشن کے انتظامات کے حوالے سے بات چیت کی ۔مقبول احمد خان نے کہا کہ پاکستان الیکشن کمیشن نے انتخابات کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیے ہر ممکنہ انتظامات کیے ہیں اور اُمیدواروں کے لیے باقاعدہ ضابطہ اخلاق بناکر اس پر عمل درآمد کے لیے مانیٹرنگ افسران بھی مقرر کر دیئے گئے ہیں تاکہ کسی کو الیکشن پر انگلی اُٹھانے کا موقع نہ مل سکے ۔