Live Updates

اے این پی کو یونین کونسل بغدادہ میںشدید دھچکا ،نائب ناظم اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل

25جولائی کو مردان کی عوام اس بار ایزی لوڈ، کرپشن اور کمیشن خوروں کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردے گی ، محمد عاطف

بدھ 4 جولائی 2018 18:23

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کو یونین کونسل بغدادہ میںشدید دھچکا ،نائب ناظم بغدادہ تھری اپنے خاندانوں اور سینکڑوںساتھیوں سمیت اے این پی سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکرتے ہو ئے این ای21کے امیدوار عاطف خان اور پی کی53کے امیدوار عمر فاروق کاکا خیل کیلئے انتخابی مہم چلانے کا اعلان کردیا۔

گزشتہ دنوں سابق یو سی ناظم بغدادہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء الحاج محمد ہمایون خلجی کے حجرہ نیو بغدادہ حاجی کورنہ مردان میں ایک شمولیتی پروگرام کا انعقاد ہوا جس میں سابق وزیر تعلیم این ای21 اور پی کے کے امیدوار محمد عاطف خان، پی کی53کے امیدوار عمر فاروق کاکا خیل،ہمایون خلجی،ضلعی کونسلر شیر بہادر،پی ٹی آئی بغدادہ کے صدر و تحصیل کونسلر اشفاق احمد لودھی،دربار لودھی اور اجمل شاہ نے شرکت کی اور پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو نے والے اے این پی بغدادہ تھری کے نائب ناظم وحید اللہ کے خاندان اور سینکڑوںساتھیوں کو پارٹی کی ٹوپیاں پہنائی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نائب ناظم وحید اللہ نے الیکشن کی تیاریاں تیز کرنے اور گھر گھر عمران خان ، تحریک انصاف کا پیغام پہنچانے کا عزم کرتے ہو ئے کہا کہ تحریک انصاف امید کی آخری کرن ہے اور تمام عوام اس پارٹی کو سپورٹ کریں تاکہ ہمارا آنے والا کل روشن ہو۔ شمولیتی جلسے سے محمد عاطف خان اور دیگر نے کہا کہ25جولائی کو مردان کی عوام اس بار ایزی لوڈ، بدامنی، کرپشن، اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری، بدمعاشی، کمیشن خوروں کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کردے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پختونوں کی بات کرنے والوں نے انکا حق ایزی لوڈ کے بدلے بیچا پیسوں پر نوکریاں دیں اور اپنے دور میں رشوت کا بازار گرم رکھا، پاکستان تحریک انصاف کھوکھلے نعروں پرنہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ، مردان کے عوام کو ہر بار دھوکہ دیا گیا اسلئے مردان کے عوام آنے والے انتخابات میںعمران خان کا ساتھ دیں ، ہمارا مقصد صرف اور صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے اسلئے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے معززین کبھی بھی اپنے فیصلے پر مایوس نہیں ہوں گے بلکہ ہمیشہ انہیں پارٹی میں عزت اور احترام ملے گا۔

عاطف خان نے کہا کہ عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد رنگ لائی ہے آج پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے مضبوط سیاسی پارٹی ہے اور ووٹ صرف غریب عوام کے پاس ہے جبکہ خان خوانین انکو گمراہ نہیں کرسکتے،پچھلے پانچ سالوں میں سکولوں میں بنیادی سہولیات پر 36 ارب روپے خرچ کئے اور بجٹ کا 20 فیصد تعلیم پہ خرچ کیا جوکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے، ہم نے تعلیم کے نظام کو بدلا ہے اب ہر غریب مطمئن بے کہ ان کے بچے امیروں کے شانہ بشانہ ہونگے۔اگرموقع ملا تو بقایا عوامی مسائل حل کرکے ان کی شکایات کا ازالہ کریں گے اور 25 جولائی کو تحریک انصاف پورے ملک میں حکومت بنائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات