جمہوری نظام کو مضبوط کرنے میںمیڈیا کا کردار مسلمہ ہے،اسداللہ چمکنی

بدھ 4 جولائی 2018 18:30

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے قانون و پارلیمانی امور جسٹس (ر) اسد اللہ خان چمکنی نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کو مضبوط کرنے میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا کردار مسلمہ ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ صحافی برادری اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے رپورٹینگ میں غیر جانب داری کا مظاہر کریں تا کہ عوام کو حقیقی صورتحال سے آگاہی حاصل ہو۔

یہ بات انہوں نے بدھ کے روز پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں الیکشن 2018 کی رپورٹنگ کے ضمن میں صحافیوں کے ایک تربیتی ورکشاپ سے بحیثیت مہمان خصوسی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ورکشاپ کا اہتمام پاکستان پریس فائونڈیشن نے کیا تھا ۔ اسد اللہ خان نے کہا کہ عام لوگوں کے مسائل حل کرنے میں میڈیا نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے صحافی برادری مسائل کی نشان دہی کراتے ہیں اور حکومت انہیں حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ ورکشاپ کے انعقاد پر پاکستان پریس فائونڈیشن کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس الیکشن 2018 کو آزاد اور شفاف بنانے میں بڑی مدد ملے گی اور میڈیا کی جانب سے جہاں کہیں سے بھی ووٹر یا امیداور کی طرف سے شکایت موصول ہوگی نگران صوبائی حکومت اور دیگر متعلقہ ادارے اس کا بروقت ازالہ کریں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے تربیت مکمل کرنے والے نوجوان صحافیوں میں اسناد بھی تقسیم کئے۔