نیب کا خواجہ آصف ،رانا افضل،رانا مشہود، رائے منصب سمیت کسی بھی سیاستدان کو 25جولائی تک گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ

بلین ٹری سونامی پراجیکٹ خیبر پختونخوہ کے افسران،اہلکاران ، احد چیمہ سابق ڈی جی پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی ،شاہد شفیق عالم فریدی چیف ایگزیکٹو آفیسر بسم اللہ انجینئرنگ، میسرز لاہور کاسا ڈویلیپرز کے مالکان اور انتظامیہ، لاہور ڈویلیپمنٹ اتھارٹی کے افسران ودیگر ،سابق ڈی جی کوئٹہ ڈویلپمنٹ نور احمد پرکانی کے خلاف بدعنوانی کار یفرنس دائرکرنے کی منظوری د یدی گئی

بدھ 4 جولائی 2018 18:32

نیب کا خواجہ آصف ،رانا افضل،رانا مشہود، رائے منصب سمیت کسی بھی سیاستدان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جولائی2018ء) قومی احتساب بیورو ( نیب) نے سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف ،سابق وزیر مملکت رانا افضل،سابق صوبائی وزیر رانا مشہود،سابق ایم این اے رائے منصب کے خلاف مقدمات کو الیکشن تک موخر کرتے ہوئے الیکشن میں حصہ لینے والے کسی بھی سیاستدان کو 25جولائی 2018تک گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، بلین ٹری سونامی پراجیکٹ خیبر پختونخوہ کے افسران/اہلکاران کے ، احد چیمہ سابق ڈی جی پنجاب لینڈ ڈویلیپمنٹ کمپنی ،شاہد شفیق عالم فریدی چیف ایگزیکٹو آفیسر بسم اللہ انجنئیرنگ ، میسرز لاہور کاسا ڈویلیپرز کے مالکان اور انتظامیہ، لاہور ڈویلیپمنٹ اتھارٹی کے افسران /اہلکاران اور دیگر ،سابق ڈی جی کوئٹہ ڈویلپمنٹ نور احمد پرکانی کے خلاف بدعنوانی کار یفرنس دائرکرنے کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جنا ب جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا جس میں مندرجہ ذیل فیصلے کئے گئے۔نیب اس بات کو واضح کرنا چاہتا ہے کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اورانویسٹی گیشن مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جوکہ حتمی نہیں۔

نیب تمام متعلقہ افراد سے بھی قانو ن کے مطابق ان کا موقف معلوم کرے گا تاکہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جا سکیں ۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے فیصلوںکی تفصیل درج ذیل ہے۔نیب کی ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے احد چیمہ سابق ڈی جی پنجاب لینڈ ڈویلیپمنٹ کمپنی ،شاہد شفیق عالم فریدی چیف ایگزیکٹو آفیسر بسم اللہ انجنئیرنگ ، میسرز لاہور کاسا ڈویلیپرز کے مالکان اور انتظامیہ، لاہور ڈویلیپمنٹ اتھارٹی کے افسران /اہلکاران اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

ملزمان پر مبینہ طو پر بدعنوانی اوراختیارات کے ناجائز استعمال کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کوتقریبا 660ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے پنجاب سپورٹس بورڈ اور یوتھ فیسٹیول کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طو پر بدعنوانی اوراختیارات کے ناجائز استعمال کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 1739ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر بدعنوانی اوراختیارات کے ناجائز استعمال کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 16کروڑ 25لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سٹیٹ بینک سٹاف کو آپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ ، محکمہ مال کراچی کے افسران/اہلکاران اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔

ملزمان پرمبینہ طور پر غیرقانونی طور پر سرکاری زمین پر سٹیٹ بینک سٹاف کو آپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی قائم کرنے کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سندھ سوشل ریلیف فنڈکے افسران/اہلکاران کے خلا ف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پرمبینہ طور پر فنڈز میں خرد بردکرنے کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 13.402 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے پروگرام مینیجر ایچ آئی سی /ایڈز کنٹرول پروگرام محکمہ صحت حکومت سندھ ڈاکٹر محمد یونس چاچڑاور دیگرکے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال اورسرکاری اخراجات میں خردبرد کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 35.236 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سیکرٹری ہیلتھ حکومت سندھ اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔

ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال ،ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اورایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ٹھیکوںمیں خردبرد کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 976ملینروپے کا نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سردار بیگم ڈینٹل کالج پشاور کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے الراضی میڈیکل کالج کے خلاف انکوائری کرنے کی منظوری دی۔

ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور طلبہ و طالبات کو داخلوں کے نام پر دھوکہ دینے کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق چیف ایگزیکٹوفاٹا ڈویلیپمنٹ اتھارٹی اور دیگر کے خلاف کیس چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو بھجوانے کی منظوری دی تاکہ وہ قانون کے مطابق مبینہ طور پر 414غیر قانونی بھرتیوں کے معاملہ کی مزید جانچ پڑال کریں۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے محکمہ صحت خیبر پختونخواہ کے افسران /اہلکاران اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر مبینہ طور پربدعنوانی اور اختیارات کاناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طورپرمن پسند لوگوں کو ٹھیکے دینے کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 90ملینروپے کا نقصان پہنچا۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے بلین ٹری سونامی پراجیکٹ خیبر پختونخوہ کے افسران/اہلکاران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔

ملزمان پر مبینہ طور پر پراجیکٹ کے فنڈزمیں خرد برد کرنے کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر 19ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق ڈی جی کوئٹہ ڈویلپمنٹ نور احمد پرکانی کے خلاف بدعنوانی کار یفرنس دائرکرنے کی منظوری دی۔ ملزم نے اختیارات کاناجائز استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پر چلتن ایکسٹن ہائوسنگ سکیم ایر پورٹ روڈ کوئٹہ میں مبینہ طور پرغیرقانونی طور پر پلاٹ الاٹ کرنے کاالزام ہے۔

جس سے قومی خزانے کو تقریبا7.4ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق ڈی جی کوئٹہ ڈویلپمنٹ نور احمد پیرکانی کے خلاف بدعنوانی کار یفرنس دائرکرنے کی منظوری دی۔ ملزم نے اختیارات کاناجائز استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پرذرغون ہائوسنگ سکیم کوئٹہ اور کرانی ہائو سنگ سکیم کوئٹہ میں من پسند افراد کوقواعد کے خلاف پلاٹ الاٹ کرنے کاالزام ہے۔

جس سے قومی خزانے کو تقریبا3کروڑ 27لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق مینیجنگ ڈائیریکٹر واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی کوئٹہ حامد لطیف رانا اوردیگر کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پرآمدن سے زائد اثاثہ بنانے کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 354.9ملینروپے کا نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے ریفرنس نمبر 5/2008 اسٹیٹ ورسز حفیظ الرحمان کی34.375ملین روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرلی۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق آئی جی پنجاب کی طرف سے نیب کو وہاڑی پولیس کے سرکاری فنڈز میں خرد برد اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس میں ملوث پولیس افسران اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ملزمان نے مبینہ طور پر قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچایا۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف ،سابق وزیر مملکت رانا افضل،سابق صوبائی وزیر رانا مشہود،سابق ایم این اے رائے منصب کے مقدمات کا بغور جائزہ لیا گیا اوران کے خلاف مقدمات کو الیکشن تک موخر کیا گیا تاکہ مذکورہ افراد الیکشن میں بھرپور حصہ لے سکیں۔

مذکورہ مقدمات کی مذید تحقیقات الیکشن کے بعد ہوں گی اور الیکشن میں حصہ لینے والے کسی سیاستدان کو 25جولائی 2018تک گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ نیب مزید واضح کرنا چاہتا ہے کہ اس کا سیاست یا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں اور اسی بنیاد پر مذکورہ مقدمات کو 25جولائی 2018تک موخر کیا گیا ہے ۔ ؂چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب افسران ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہیں جس کیلئے وہ بلا تفریق بدعنوان عناسر کے خلاف اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کرپشن فری پاکستان کے لیے بھر پور کاوشیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز کو قانون، میرٹ، شفافیت اور ٹھوس شوائد کی بنیا د پر منطقی انجام تک پہنچائی جائیں۔ نیب کسی سے انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا بلکہ نیب --’’ احتساب سب کے لیی----- ‘‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے ۔ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان اور پاکستان کی عوام سے ہے ۔ نیب افسران اپنے فرائض پوری ایمانداری ، دیانت ، میرٹ، شفافیت اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سرانجام دیں اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیںکی جائے گی۔