کراچی چیمبر کا ایمنسٹی اسکیم کی مدت میں توسیع کا خیرمقدم

بدھ 4 جولائی 2018 19:08

کراچی چیمبر کا ایمنسٹی اسکیم کی مدت میں توسیع کا خیرمقدم
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2018ء) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی) کے صدر مفسر عطاء ملک نے ایف بی آر کی جانب سے ایمنسٹی اسکیم میں ایک ماہ کی توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر و صنعتکار برادری کی جانب سے ایمنسٹی اسکیم کی مدت میں توسیع کا مطالبہ کیا جا رہا تھا اور کے سی سی آئی نے تاجر برادری کی آواز بن کر اسکیم کی مدت میں توسیع کی درخواست کی جس پرغور کرتے ہوئے دانشمندہ فیصلہ کیا گیا۔

اس اقدام سے دونوں اسکیموں سے فائدہ اٹھانے اور ٹیکس نیٹ کا حصہ بننے کے حوالے سے کئی لوگوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ بدھ کو جاری کردہ اپنے بیان میں کے سی سی آئی کے صدر نے کہاکہ وہ بہت زیادہ پر امید ہیں کہ ان اسکیموں سے حکومت کو عوام کے اثاثوں کو دستاویزی شکل دینے میں مدد ملے گی، یہ اسکیمیں ملک میں معاشی اور مالی استحکام لانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم معمولی ٹیکس ادا کر کے ظاہر نہ کئے گئے اثاثوں کو قانونی اثاثے بنانے کا پرکشش موقع فراہم کر رہی ہے جو کہ پاکستان جیسے ملک میں فائدے مند سودا ہے، ایمنسٹی اسکیمیں موجودہ ٹٰیکس گزاروں پر بغیر کوئی اضافی بوجھ ڈالے قومی خزانے کے ریونیو میں اضافے کا اہم ذریعہ ہے، یہ بجٹ کے خسارے کو پورا کرنے کے لیے مزید قرضے لینے کے عمل کو بھی کم کرسکتیں ہیں۔

مفسر ملک نے حکومت کو مشورہ دیا کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے اور ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے ٹیکس چوروں کو پکڑنے کے لئے عملی پالیسیاں تشکیل دی جائیں تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر موجودہ 30 سے 35 فیصد ٹیکس کی شرح کو کم کرکے 10 فیصد کردیا جائے تو اس اقدام سے ٹیکس دہندگان کی بھرمار ہو جائے گی اور معیشت کو بھی دستاویزی شکل دینے میں مدد ملے گی۔