تعلیم ہی قوموں کی ترقی کی بنیادہے،مفتاح اسماعیل

اگر ہمیں بھی دنیا کے ساتھ جدید تقاضوں کے مطابق چلنا ہے تو سب سے پہلے ہمیں تعلیم کے شعبے کوبہتر بناناہوگا،اسکولوں اور کالجوں کی حالت پرتوجہ دینا ہوگی، انتخابی مہم سے خطاب

بدھ 4 جولائی 2018 19:27

تعلیم ہی قوموں کی ترقی کی بنیادہے،مفتاح اسماعیل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جولائی2018ء) اُمیدواربرائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 244،سے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے گلستان جوہر کے علاقے میںایک انتخابی کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم ہربچے کابنیادی حق ہے مگر ہمارے بچے تعلیم کی دولت سے محروم ہیں۔انہوںنے ماضی کی شخصیات کاذکر کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے اسلاف کے پاس بہترین تعلیم تھی ،مگر آج ہمارے بچے تعلیم اور تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں۔

انہوںنے جاپان کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ جاپان کے پاس وسائل بہت زیادہ نہیں تھے مگر اس کا شماردنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا ہے،جس کی سب سے بڑی وجہ تعلیم ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر ہمیں بھی دنیا کے ساتھ جدید تقاضوں کے مطابق چلنا ہے تو سب سے پہلے ہمیں تعلیم کے شعبے کوبہتر بناناہوگا۔

(جاری ہے)

اسکولوں اور کالجوں کی حالت پرتوجہ دینا ہوگی،اساتذہ کوتربیت دینی ہوگی،بچوں کواسکول لاناہوگا،انہوںنے اندیشہ ظاہر کیاکہ اگر ہم نے تعلیم کواہمیت نہ دی تو معاشرہ ابتری کا شکارہوجائے گااور آئندہ آنے والی نسلیں تباہ ہوجائیں گی ۔

کیوں کہ دن بہ دن ہم اپنی تہذیب کھوتے جارہے ہیں۔انہوںنے والدین کی پریشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری اسکولوں کی حالت بدسے بدتر ہوتی جارہی ہے ،جس کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کوسرکاری درس گاہوں میں داخلے دلانے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں جب کہ پرائیویٹ اسکولزاور کالجزبھی ان کی دسترس میں نہیں ہیں وہاں کی بے تحاشافیسیں اور ان میں مسلسل اضافہ والدین کے لئے پریشان کن ہے۔

ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے واضح اندازمیں کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے منشورمیں تعلیم کوبڑی اہمیت دی گئی ہے،جس میں معیارتعلیم کوبہتر بنانا،موجودہ تعلیمی اداروںکوفعال کرنااورنئے اسکولوں اور کالجوں کی تعمیرشامل ہے۔ہمارے منشورمیں پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں کومناسب شرح پررکھنا اور انہیں بڑھنے سے روکنا شامل ہے۔ہماری جماعت اس بات پریقین رکھتی ہے کہ تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جو ترقی اور کامیابی کی ضمانت ہے اس لیے ہمیں ہرحال میں اپنی نئی نسل کوبہتر تعلیم سے آراستہ کرناہے۔