قومی دولت کی لوٹ مار کرنے والی قیادت کے احتساب کا وقت آگیا ہے، اسد اللہ بھٹو

کراچی کے قومی کردار کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،پیٹرول کے بعد بجلی بم گرانا عوام دشمن فیصلوں کا تسلسل ہے،ایمایم اے امیدوار کا انتخابی مہم سے خطاب

بدھ 4 جولائی 2018 19:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنماء اور این اے 242پر نامزد امیدوار اسداللہ بھٹونے کہا ہے قومی سیاست میں کراچی کے کردار کوہرگز نظرانداز نہیں کیا جاسکتا،سیاست وجمہوریت کا گلا گھونٹنے اور قومی دولت کی لوٹ مار کرنے والی قیادت کے احتساب کا وقت آگیا ہے،پیٹرول کے بعد بجلی بم گرانا عوام دشمن فیصلوں کا تسلسل ہے،مجلس عمل کامیاب ہوکر عوام کو ریلیف،کرپٹ قیادت کا احتساب اور کراچی کے قومی کردار کو نمایاں کرے گی۔

وہ کوئٹہ ٹاؤن ومچھر کالونی میں معززین علاقہ اور علماء کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر ایم ایم اے سندھ کے صدر علامہ راشد محمود سومرو، پی ایس 99 اور100 کے امیدواران مولانا غیاث اور یونس بارائی سمیت دیگر علماء کرام و عمائدین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ تھر میں آر او پلانٹ کے نام پر 5 ارب کی کرپشن اور بارش کی تباہ کاریاںلاہور کو پیرس بنانے والوں کے منہ پر نہ صرف طمانچہ بلکہ عجب کرپشن کی غضب کہانی ہے۔

مجلس عمل سندھ کے صدر علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے 10 سال کی اپنی لوٹ مار کی وجہ سے پورے سندھ کو تھر اور کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے آج بھی تھر میں معصوم بچے مر رہے ہیںجو حکمران دس سال کے اقتدار میں بھی عوام کو پانی، صحت تعلیم سمیت بنیادی سہولتیں فراہم نہ کرسکیں مزید ان سے کیا امید کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ علماء کرام منبر محراب کے پلیٹ فارم سے دیانتدار قیادت کو منتخب کرانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریںتاکہ قوم کا اسلامی و خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔