کراچی کو پیرس بنانے کے دعوے کرنے والوں کا شریف جھوٹ بارش نے عیاں کر دیا،جان محمد بلوچ

بدھ 4 جولائی 2018 19:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جولائی2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ کراچی کو پیرس بنانے کے دعوے کرنے والوں کا شریف جھوٹ باران رحمت نے دنیا کے سامنے عیاں کردیا،مون سون کی پہلی ہی بارش میں قوم کے اربوں روپے ڈوب گئے ، پاکستان پیپلز پارٹی نمودنمائش اور کھوکھلے دعوں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ۔

وہ میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ یوسی بھٹائی آباد دھنی بخش گوٹھ اور بختاور گوٹھ سے گزرنے والے نالے کی صفائی کے کام کا جائزہ لے رہے تھے ۔ اس موقع پر ایکس ای این ایم اینڈ ای اقبال ڈائری، ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ واثق ظفر اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔چیئرمین بلدیہ ملیرجان محمد بلوچ نے کہا کہ برساتی نالوں کی صفائی بنیادی طور پر بلدیہ عظمیٰ کراچی جبکہ دوسرے درجے میں ادارہ فراہمی و نکاسی آب کی ذمہ داریوں میں شامل ہے، تاہم گزشتہ تین دہائیوں سے اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کی جانب سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا ،چیئرمین بلدیہ ملیر نے مزید کہا کہ مفاد عامہ میں اس سے پہلے بھی اپنے وسائل سے برساتی نالوں کی صفائی کروا چکے ہیں اور آئندہ بھی عوام کی خدمت اسی جزبے سے کرتے رہینگے۔

(جاری ہے)

واضع رہے کہ مون سون کی متوقع بارشوں کے نتیجے میں برساتی نالوں میں طغیانی پیدا ہونے اور نالے کے اطراف کی آبادی کے متاثر ہونے کا شدید اندیشہ موجود ہے، اسی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر ان تمام یونین کمیٹیوں میں برساتی نالوں کی صفائی عمل میں لائی جارہی ہے،کیونکہ یہ نالے آبادی کے درمیان سے گزرتے ہیں اور ان نالوں کے اطراف حفاظتی دیواریں بھی نہیں ہیں جنکی وجہ سے برسات کے موسم میں حادثات بھی رونماء ہوسکتے ہیں ، بلدیاتی فنڈ عوام کی امانت ہے اس کو عوام کی فلاح پر ہی خرچ کریں گے۔