تحریک نفاذ فقہ جعفریہ صوبہ بلو چستان کا اہم اجلاس

عام انتخابات کے سلسلے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہونے والے رابطوں پر تبادلہ خیال کیاگیا

بدھ 4 جولائی 2018 19:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2018ء) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ صوبہ بلو چستان کا اہم اجلاس صوبائی دفتر میں منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر سے نمائندوں کے علاوہ ٹی این ایف جے کے رہنما قاری غلام حسین نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پولیٹیکل سیل کے رکن غلام مصطفی کمال نے عام انتخابات کے سلسلے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہونے والے رابطوں کی رپورٹ پیش کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قاری غلام حسین نے ٹی این ایف جے کے عہدیداران و کارکنان پر زور دیا کہ وہ مرکز کی جانب سے الیکشن پالیسی کے اعلان سے قبل کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کیساتھ کوئی وعدہ وعید نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم گروپوں کا انتخابات میں حصہ لینا نیشنل ایکشن پلان کی کھلی خلاف ورزی اور جمہوریت پر خودکش حملہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی 20 شقوں میں سے کسی ایک پر بھی عمل نہیں ہو رہا، اگر ایکشن پلان کی شقوں پر عمل ہوتا تو پاکستان کو دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنے والے ممالک کی گرے لسٹ میں کبھی شامل نہ کیا جاتا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی مردان علی چنگیزی نے نگران حکومت پر زور دیا کہ وہ عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے اپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے کالعدم گروپوں کی الیکشن کمیشن سے رجسٹریشن اور انہیں الاٹ کیے گئے انتخابی نشانات فوری طور پر منسوخ کروائے اور دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کرے۔ اجلاس میں اس عہد کا اظہار کیا گیا کہ آمدہ انتخابات کیلئے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے لائحہ عمل پر صوبہ بھر میں بھر پور عملدرآمد کیا جائیگا۔ اجلاس سے ایوب جمالی ( ضلع جعفرآباد)، سکندر کھوسہ ( ضلع نصیر آباد ) اور ذوالفقار مگسی نے بھی خطاب کیا۔