گزشتہ پانچ سال میں ملک میں غیر معمولی ترقی ہوئی، لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم

بدھ 4 جولائی 2018 19:59

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2018ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چئیرمین لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی انتخابی مہم کا آغاز اپنی رہائشگاہ قصبہ پادشہان میں کیا جس میں عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنرل(ر) عبدالقیوم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنی حکومت کے پانچ سال انتہائی مشکل حالات میں پورے کیے ہیں مگر اس کے باوجود میاںنواز شریف اور شہباز شریف کی نیک نیتی پر شبہ نہیں کیا جا سکتا۔

گزشتہ پانچ سالوں میں ملک کے اندر غیر معمولی ترقی ہوئی ہے اور 2013کا پاکستان آج2018میں کافی بہتر پوزیشن پر ہے، اگر مسلم لیگ ن کی حکومت کو پورا موقع دیا جاتا تو یقینا پاکستان کی حالت آج مزید بہتر ہوتی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کی کارنر میٹنگ میں امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 64میجر(ر)طاہراقبال اورامیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 22 ملک تنویر اسلم اعوان نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پرچیئرمین یوسی ڈوہمن ملک ظفر اقبال چیرمین یوسی چوآ گنج علی شاہ راجہ اشفاق حسین چیئرمین ہرچارڈھاب چوہدری ضمیر خان چیئرمین یوسی کریالہ چوہدری عرفان حیدر چوہدری ارشد دھروگی چوہدری صفدر رتہ راجہ حسنات، عرفان بھٹی ، مسرت جعفری اور گردونواح سے آئے ہوئے عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں میجر(ر) طاہراقبال اور تنویر اسلم سیتھی کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کروائی گئی۔