عوام سیکولر پارٹیوں سے تنگ آچکے ہیں،آئندہ انتخابات میں متحدہ مجلس عمل بھرپور کامیابی حاصل کریگی ‘میاں مقصود احمد

الیکشن کمیشن اپنی آئینی وقانونی ذمہ داری اداکرتا تو ملک میں سیاسی افراتفری نہ ہوتی‘امیر جماعت اسلامی پنجاب کامنصورہ میں اجلاس سے خطاب

بدھ 4 جولائی 2018 20:02

عوام سیکولر پارٹیوں سے تنگ آچکے ہیں،آئندہ انتخابات میں متحدہ مجلس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ پاکستان کے عوام سیکولر اور کرپٹ حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں اوروہ2018کے انتخابات میں دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کو کامیاب کرائیں گے،ماضی کے حکمرانوں نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا یا ہے،اب و قت آگیا ہے کہ ان سے نجات حاصل کی جائے ۔

ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزصوبائی دفتر منصور ہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم اللہ تعالیٰ کا شکر اداکرتے ہیں کہ پانامالیکس،دبئی لیکس،پیراڈائزلیکس،ملکی قرضے معاف کرانے والوں اور نیب کے پاس میگااسکینڈلز میں جماعت اسلامی یاکسی بھی دینی جماعت کے کسی فرد کا نام شامل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی قیام پاکستان سے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے مسلسل جدوجہد کررہی ہے۔

قراردادمقاصد بھی جماعت اسلامی کی کاوشوں سے منظور ہوئی تھی۔جمہوریت کی بحالی کے لیے بھی ہمیشہ جماعت نے اہم کردار اداکیا ہے اور پُرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے ماضی میں آمریتوں کو بھی سرنگوں کیا۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان چاروں طرف سے خطرات میں گھراہواہے۔امریکہ،بھارت اور اسرائیل کی ناپاک تثلیث پاکستان اور عالم اسلام کے خلاف سازشیں کررہی ہے۔

پاکستان میں عدلیہ اور دیگر اداروں کی مضبوطی سے ملک دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایاجاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔جماعت اسلامی نے عدلیہ کی بحالی کی تحریک میں نمایاں کردار اداکیا تھا۔اب بھی ہم سمجھتے ہیں کہ عدلیہ کے ادارے کومستحکم کرنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کرجدوجہد کرنی چاہئے۔ نواز شریف کو اس حوالے سے اپنے بیانیے کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے انکا بیانیہ ملک و قوم کی سلامتی ،تحفظ اور بقا کے لئے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتا ہے ۔

میاں مقصود احمدنے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اپنے مثبت کردار کو اداکرتے ہوئے عوامی ایشوز کو اجاگر کیا ہے۔جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک الحمدللہ کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے۔ہم ملک میں موجودتمام کرپٹ عناصر کا احتساب چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر الیکشن کمیشن62اور63کے حوالے سے اپنی آئینی ذمہ داری پہلے اداکرتاتو آج ملک میں سیاسی افراتفری کاعالم نہ ہوتا۔

موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر تمام افرادکو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی موروثیت سے پاک جماعت ہے۔ہمارے مختلف ادوار میں کامیاب ہوکر اسمبلیوں میں جانے والے افراد کا دامن صاف ستھرا ہے۔ہمارے نمائندوں نے ذات پات سے بالاترہوکر ملک وقوم کی فلاح وبہبود کے لیے کام کیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کوحقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جدوجہدکی جائے۔