معروف قبائلی شخصیت میر حبیب اللہ محمد حسنی نے بی اے پی میں شمولیت اختیار کرلی

بدھ 4 جولائی 2018 20:02

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2018ء) معروف قبائلی سیاسی و رہنماء میر حبیب اللہ محمد حسنی نے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ انہوں نے خضدار میں پی بی 36کے نامزد امیدوار سردار زادہ میر رامین محمد حسنی پی بی 39کے خضدار کے آغا شکیل احمد خضدار ی پی بی 38کے نامزد امیدوار میر گل خان ساسولی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔

اس موقع پر چیف آف ساسولی سردار نصراللہ خان ساسولی ، میر اخلاق خدرانی ، میر ظفراللہ خان ساسولی ، میر سیف اللہ ساسولی ، سردار عطاء اللہ محمدحسنی میر ذکریا محمد حسنی ، سردار بلند خان غلامانی و دیگر رہنماء موجود تھے ۔ اس موقع پر پی بی36سوراب سے نامزد امیدوار سردار زادہ میر رامین محمد حسنی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم میر حبیب اللہ محمد حسنی کو ان کے قبیلہ کے دیگر عمائدین کے ہمراہ بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت پر مبارک باد پیش کرتے ہیں ان کی شمولیت سے ہماری پارٹی مذید فعال اور مضبوط ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سوراب کے عوام ہمیشہ نظرانداز رہے ہیں ۔ ہر ایک نے اس علاقے کو یتیم سمجھ کر لوٹا ،تاہم اس علاقے کی تعمیر و ترقی اور اس کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی کام نہیں کیا سوراب میں آج تک کوئی بھی کام نہیں ہوسکا ہے وہاں نظام تعلیم تباہ و برباد ہے صحت کی سہولیات موجود نہیں ، پینے کا صاف پانی لوگوں کو دستیاب نہیں ،بے روزگاری ہے ، یہاں سے جس نے بھی ووٹ حاصل کیا پھر لوگوں تک پوچھا بھی نہیں،ہم ان مسائل سے سوراب کے عوام کو باہر نکلنا چاہتے ہیں ۔

یہ ہمارے لئے کیا کوئی کم کامیابی ہے کہ آج لوگ جوق درجوق بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ۔یہاں ہمیشہ ایک ہی طبقہ الیکشن لڑتا رہاہے اور وہی جیت کر عوام کی قسمت سے بھی کھیلتا رہا ، انہوںنے کہاکہ ہم آئے ہیں عوام کے ووٹوں کو احترام دینے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے آپ دیکھیں گے کہ ہم کامیاب ہو کر عوام کے لئے کیسے خدمت سرانجام دیتے ہیں اور عوام کے مسائل کس طرح حل کرتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ ہمیشہ وفاقی پارٹیاں ہم پر حکمرانی کرتے رہے ہیں ۔اسلام آباد سے چار لوگ بلوچستان آکر چند گھنٹوں میں ہمارا فیصلہ کرکے چلے جاتے تھے تاہم اب ایسا نہیں ہوگا بلوچستان عوامی پارٹی کا مقصد بھی یہی ہے کہ بلوچستان کے لوگ اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں وبااختیار ہوں ، یہی وجہ ہے کہ بلوچستان عوام پارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور بلوچستان عوام پارٹی نے محض چند ہفتوں میں عوام سے جو پذیرائی حاصل کی ہے اس کی نظیر بلوچستان کی تاریخ میں نہیں ملتی ہے آپ دیکھیں گے کہ ہم صوبے میں خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے کس طرح کام کرتے ہیں اور عوام کے مسائل کس طرح حل کرتے ہیں ۔

ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمدخضدار ی نے کہاکہ میر حبیب اللہ محمد حسنی اور ان کے دوستوں کی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت نیک شگون ہے اس سے ہماری پارٹی مذید مضبوط ہوگی اور اس کا فائدہ ہمیں خضدار اور سوراب میں ملے گا۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے سیاسی جو سفر کاآغاز کیا ہے لوگ اس میں جس انداز میں آرہے ہیں اور شمولیت اختیار کررہے ہیں اس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے جولوگ قیام پاکستان سے اب تک پسماندہ رہے ہیں ان کی فلاح وبہبود ہوگی اور ان کے مسائل حل ہونگے ۔

ہم عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کریں گے ۔ بی اے پی صوبے سے بد عنوانی اور کرپشن کا خاتمہ کرے گی ۔بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی و قبائلی رہنماء میر حبیب اللہ محمد حسنی نے کہاکہ ہم اور ہمارے لوگ اپنے ووٹ کو قیمتی بنانا چاہتے ہیںہم چاہتے ہیں نوجوان قیادت سامنے آئے اور وہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیںاس لیئے ہم بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیا ر کررہے ہیں ۔الیکشن میں ہمارا امیدوار سردار زادہ میر رامین محمد حسنی ہونگے اور انشاء اللہ ہماری کوشش ہوگی کہ انہیں بھر پور انداز میں کامیابی سے ہمکنار کردیں ۔