مریم نواز کی ضد نے ن لیگ کو تباہ کردیا، ایک اور بانی رہنما نے پارٹی کو خیر باد کہہ دیا

اندرونی لڑائی ،مریم نواز کی ضد نے ن لیگ کی ایک اور قیمتی وکٹ اڑا دی ، چوہدری نثار کے بعد سردار مہتاب بھی پارٹی ٹکٹ سے محروم، بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا، ہزارہ ڈویژن میں کیپٹن صفدر نے اپنا راستہ صاف کرنے کیلئے سردار مہتاب کو پارٹی سے فارغ کروانے میں مرکزی کردار ادا کیا

بدھ 4 جولائی 2018 20:17

مریم نواز کی ضد نے ن لیگ کو تباہ کردیا، ایک اور بانی رہنما نے پارٹی کو ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2018ء) مسلم لیگ( ن) کی اندرونی لڑائی کے باعث مریم نواز کی ضد نے اپنی ہی پارٹی کی ایک اور قیمتی وکٹ اڑا دی ہے۔ چوہدری نثار علی خان کے بعد سابق گورنر سردار مہتاب کو آبائی حلقے سے پارٹی ٹکٹ سے محروم کر کے بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا، ہزارہ ڈویژن میں کیپٹن(ر) صفدر نے اپنا راستہ مکمل طور پر صاف کرنے کیلئے سردار مہتاب کو پارٹی سے فارغ کروانے میں مرکزی کردار ادا کیا ۔

مسلم لیگ ن ذرائع کے مطابق محترمہ مریم نواز نے سردار مہتاب کو بھی اپنی پارٹی سے فارغ کروا کے ایک اور دیرینہ مسلم لیگی کو سیاسی طوفان کی موجوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے۔سردار مہتاب جو کہ گورنر خیبر پختونخوا بھی رہے اور سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے دور میں چٹان کی طرح مسلم لیگ ن کا دفاع کرتے رہے لیکن حال ہی میں اداروں کے ساتھ میاں نواز شریف اور انکی صاحبزادی کی کھلی جنگ پر انہوں نے میاں نواز شریف کو بار بار مشورہ دیا کہ اپنی سیاست کیلئے اداروں کو بدنام کرکے سرحد پار دشمن کے ایجنڈٖے پر کام نہ کیا جائے ، ذرائع کے مطابق مریم نواز سردار مہتاب کی اعتدال پسند پالیسی کو سخت ناپسند کرتی تھی اور دوسری طرف ہزارہ ڈویژن سے ایک بااثر مسلم لیگی کا صفایاکرنے کیلئے کیپٹن (ر )صفدر نے بھی جلتی پر تیل ڈالنے کا فریضہ بھی بھرپور طریقے سے سرانجام دیا، سردار مہتاب کو ان کی مثبت سوچ اور وطن پرست مشورہ کے باعث مریم نواز نے ٹکٹ نہ دے کر چوہدری نثار علی خان کی صف میں کھڑا کردیا ،واضح رہے کہ اس سے پہلے زعیم قادری ،عبدالغفور سمیت درجنوں مسلم لیگی قیادت کے باغیانہ رویے کے باعث پارٹی سے بغاوت کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

سردار مہتاب کو نظر انداز کر دینا مسلم لیگی قیادت کیلئے یقینا ًمستقبل میں ایک بڑا نقصان ثابت ہوگا۔