سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسمِ گرما کی تعطیلات31 جولائی تک بڑھانے کا فیصلہ

عام انتخابات کے سلسلے میں اساتذہ کی مصروفیت کے سبب چھٹیاں بڑھارہے ہیں، سکریٹری اسکولز ایجوکیشن

بدھ 4 جولائی 2018 21:34

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2018ء) سندھ کے محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے موسمِ گرما کی تعطیلات 31 جولائی تک بڑھانے کا فیصلہ کیاہے۔اس ضمن میںسیکرٹری اسکولز ایجوکیشن سندھ عالیہ شاہد نے موسمِ گرما کی تعطیلات 31 جولائی تک بڑھانے کے حوالے سے نگراں وزیرِ تعلیم و صحت سعدیہ رضوی کو سمری بھیج دی ہے، سمری وزیرِ تعلیم کی منظوری کے بعد چیف سیکرٹری سندھ اور پھر حتمی منظوری کے لیے وزیراعلی سندھ کے پاس جائے گی۔

(جاری ہے)

سکریٹری اسکولز ایجوکیشن کے مطابق عام انتخابات کے سلسلے میں اساتذہ کی مصروفیت کے سبب چھٹیاں بڑھارہے ہیں جب کہ اضافے کے بعد موسمِ گرما کی تعطیلات کا دورانیہ دوماہ سے بڑھ کر ڈھائی ماہ ہوجائے گا۔واضح رہے کہ مئی میں پڑنے والی سخت گرمی اور رمضان المبارک کے باعث موسم گرما کی تعطیلات کا شیڈول تبدیل کیا گیا تھا اور اسکولز یکم جون سے بند ہونے کے بجائے 15 مئی کو بند کرکے 15 جولائی سے کھولنے کی منظوری دی گئی تھی۔