Live Updates

ہمارے مخالفین کی کوشش ہے کہ اتنا تنگ کیا جائے کہ ہم انتخابات کا بائیکاٹ کردیں ، رانا مشہود

ہم جمہوری عمل کی مضبوطی کے لئے ایسا نہیں کریں گے، مسلم لیگ ن کو پنجاب اور سندھ میں آزادی کے کے ساتھ انتخابی مہم میں حصہ نہیں لینے دیا جارہا ہے ہمارے جھنڈے اور بینرز اتارے جارہے ہیںالیکشن کمیشن کے ضابطے اخلاق کے مطابق ہمیں کام نہیں کرنے دیا جارہا ہے

بدھ 4 جولائی 2018 22:03

ہمارے مخالفین کی کوشش ہے کہ اتنا تنگ کیا جائے کہ ہم انتخابات کا بائیکاٹ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2018ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا مشہود نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین کی کوشش ہے کہ اتنا تنگ کیا جائے کہ ہم انتخابات کا بائیکاٹ کردیں لیکن ہم جمہوری عمل کی مضبوطی کے لئے ایسا نہیں کریں گے، مسلم لیگ ن کو پنجاب اور سندھ میں آزادی کے کے ساتھ انتخابی مہم میں حصہ نہیں لینے دیا جارہا ہے،ہمارے جھنڈے اور بینرز اتارے جارہے ہیںالیکشن کمیشن کے ضابطے اخلاق کے مطابق ہمیں کام نہیں کرنے دیا جارہا ہے، جبکہ لاڈلے عمران خان کو مکمل آزادی سے کام کرنے دیاجارہا ہے، ایک سازش کے تحت انتخابات کے ماحول کو بننے نہیں دیا جارہا ہے ، ہمارے ایک کارکن عابد تنولی کو شہید کردیا گیا ہے ، اگر یہی صورتحال جاری رہی تو ہم آل پارٹیز کانفر نس دوتین روز میں بلاکر دوسری سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کردیں گے، ہم کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج اور دھرنابھی دے سکتے ہیں اس کے علاوہ مختلف آپشنز موجود ہیں،نواز شریف اور دیگر کے خلاف احتساب عدالت سے فیصلہ آیا تو ہم قانون کی پاسداری کریں گے لیکن ہمیں یقین ہے کہ قانون کے مطابق فیصلہ ہوا تو خلاف نہیں آسکتا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ کراچی کے صدر شاہ محمد شاہ، جنرل سیکریٹری سلیم ضیاء، مرزا اشتیاق بیگ، خواجہ نذیر، او ر یاسین آزاد ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔ رانا مشہود نے کہا کہ ویسے تو سیاسی جماعتوں پر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے بہت زیادہ پابندیاں ہیں جس کی وجہ سے الیکشن کا ماحول نہیں بن پا رہا ہے ہم سمجھتے ہیں یہ سب کچھ ایک سازش کے تحت کیا جارہا ہے ، جبکہ مسلم لیگ ن پر دیگر جماعتوں کے مقابلے میں بہت زیادہ پابندیاں ہیں ہمیں کھل کر انتخابی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لینے دیا جارہا ہے، یہاں تک کہ ہمارے کارکنوں کو قتل کیا جارہا ہے گذشتہ دنوں ہمارے ایک کارکن عابد تنولی کو کراچی میں قتل کردیاگیا، ہمارے جانب سے الیکشن سرگرمیوں میں بھرپور طریقے سے حصہ نہ لینے دینے پر الیکشن کمیشن ، چیف سیکریٹری اور دیگر متعلقہ اداروں سے دو مرتبہ دوخواستیں کی گئیں لیکن ہماری درخواستوں پر کوئی عمل نہیں کیا گیا۔

رانا مشہود نے کہا کہ آج جمعہ 5جولائی کو مسلم لیگ سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ اور دیگر رہنما سندھ کے چیف سیکریٹری، الیکشن کمشنر اور دیگر متعلقہ اداروں سے ملاقاتیں کریں گے اگر اس کے بعد بھی ہماری درخواستوں پر عمل نہیں کیا گیا تو ہم دو تین روز میں آل پارٹیز کانفرنس بلاکر دوسری سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کردیں گے ، ہمارے پاس کراچی پریس کلب کے باہر دھرنے اور حتجاج کے علاوہ مختلف آپشنز ہیں، انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف کلثوم نواز کی طبیعت بہتر ہوتے ہیں پاکستان واپس آجائیں گے۔

جبکہ بارشوں میں لاہور کی خراب صورتحال کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے فنڈز ریلیز نہیں کئے جس کی وجہ سے لاہور میں خراب صورتحال پیدا ہوئی، البتہ ہمیں خوشی ہے کہ عمران خان کو بھی شہباز شریف کی تقلید کرتے ہوئے لاہور شہر کا دورہ کرنا پڑا۔ لیکن انھوں نے اس معاملے میں دیر کردی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات