پشاور،کے پی فوڈ اتھارٹی کی کاروائیاں، انڈسٹریل زون میں سات فیکٹریاں سیل

پلوسء اور تہکال میں دس میٹ شاپس اور چرگانوچوک میں پانچ مرغ شاپس سیل، سو کلوگرام غیرمعیاری گوشت، دو سو کلو غیرمعیاری کیمیکل جیم فیکٹری سے ضائع

بدھ 4 جولائی 2018 22:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2018ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے بدھ کو کاروائی کرتے ہوئے سات فیکٹریوں، دس میٹ اور پانچ مرغ شاپس کو سیل کردیا۔ ترجمان خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی عطااللہ خان کے مطابق پشاور انڈسٹریل زون میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سائرہ نثار اور انیلہ محبوب کی سربراہی میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے چائنہ کو اجڑی برآمد کرنے والے ولی فیکٹری کو صفائی کے ناقص انتظامات اور خراب اجڑی کے استعمال پر سیل کردیا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ انڈسٹریل زون میں تین چپس فیکٹریوں کی چیکنگ بھی کی گئی جہاں غیرمعیاری مصالحوں اور آئل کے استعمال پر تینوں فیکٹریوں کو تالے لگادیے گئے۔ اسی طرح دو آئس کریم فیکٹریوں کو فریزنگ سسٹم کی عدم دستیابی پر تالے لگادیے گئے۔

(جاری ہے)

آئس کریم فیکٹریوں میں صفائی کا انتظام بھی کافی ناقص تھا۔ ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فروٹ پروسیسنگ فیکٹری میں خراب عمل انگیز کی موجودگی پر فیکٹری کو سیل جبکہ دو سو کلوگرام غیرمعیاری کیمیکل کو ضائع کردیا گیا۔

پشاور کے گردونواح میں قصائیوں کیخلاف کریک ڈان کے دوران پلوسء بازار میں آٹھ جبکہ تہکال پایاں میں دو میٹ شاپس کو سیل کرکے سو کلوگرام غیرمعیاری گوشت کو ضائع کیا گیا۔ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ سی این جی اور فلنگ سٹیشنز میں ٹک شاپس کی چیکنگ بھی شروع کی گئی ہے جہاں ذائدالمیعاد اشیا برآمد ہونے پر بھاری جرمانے عائد کردئے گئے ہیں جبکہ ترناب فارم میں جنرل سٹور سے چائنہ سالٹ نکلنے پر دوکان پر جرمانہ عائد کردیا گیا جبکہ چائنہ سالٹ کو موقع پر ہی ضائع کردیا گیا۔