سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حساس ادارے کے سامنے روڈ کھولنے کافیصلہ معطل کردیا، قانون نافذکرنے والے ادارے سے سڑک کھولنے کی تاریخ طلب

بدھ 4 جولائی 2018 22:26

سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حساس ادارے کے سامنے روڈ کھولنے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2018ء) سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے حساس ادارے کے ہیڈکوارٹر کے سامنے روڈ کوچارہفتوں میں کھولنے کافیصلہ معطل کرتے ہوئے قانون نافذکرنے والے ادارے سے سڑک کھولنے کی تاریخ طلب کرلی ہے ۔ بدھ کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سیکرٹری دفاع کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کی، اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے پورے ملک میں تجاوزات ہٹانے کا حکم جاری کیا ہے ۔

عدالت کو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نایاب گردیزی نے آگاہ کیا کہ ہم اس روڈ کوکھولیں گے مگر فی الوقت سیکورٹی ایشوز ہیں، جس کی وجہ سے روڈ بند کردی گئی ہے مگرساتھ ساتھ متبادل سڑک بھی بنا کر دی ہے، ادارے کویہ سڑک سی ڈی اے نے تحریری طور پرالاٹ کر دی ہے۔

(جاری ہے)

جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے تین ماہ قبل تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیا تھا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کہ سیکورٹی خدشات دور ہونے تک ہمیں مہلت دی جائے۔

چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ آپ متعلقہ حکام سے ہدایات لے کر ہمیں بتائیں کہ کب یہ راستہ کھولیں گے، ہائیکورٹ کے پاس ازخود نوٹس لینے کا اختیار نہیں، اس لئے عدالت ہائیکورٹ کا حکم معطل کرتی ہے بعدازاں عدالت نے اپنے حکم میں ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے واضح کیا کہ قانون نافذ کرنے والا ادار ہ عدالت کوبتائے کہ کب تک یہ سڑک کھول دی جائے گی ۔ مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی گئی۔