جولائی کا سورج پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا، ملک ابرار احمد

بدھ 4 جولائی 2018 22:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حلقہ این اے 61 سے نامزد امیدوار ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ راولپنڈی کینٹ کے غیور عوام نے فیصلہ دیدیا ہے، 25جولائی کا سورج پاکستان مسلم لیگ ن کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا،راولپنڈی کینٹ کے عوام کو کارکردگی بتانے کی ضرورت نہیں ہے، ہمارے عوامی خدمت کے منصوبے خوداپنی مثال آپ ہیں ،راولپنڈی کینٹ میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کر کے ایک سازش کی جارہی ہے ،بڑے بڑے اداروں کو ملک کی صورت میں پانی کی فراہمی روک کر کینٹ کی سویلین آبادی کو پانی فراہم کیا جائے ۔

وہ بدھ کو مصریال گائوں ،علامہ اقبال کالونی ،فضل ٹائون میں کارنر میٹنگز اور معززین علاقہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

ملک مسعود آف مصریال ،نمبردار صبور نے اپنی برادری سمیت ملک ابرار احمد اور ملک افتخار احمد کی حمایت اور پھر پور انداز سے الیکشن مہم چلانے کا اعلان کیا ۔علامہ اقبال کالونی ورکرز کنوونشن سے خطاب کرتے ہوئے ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ خدمت اور شرافت کی سیاست کی ہے، جھوٹے الزامات، گالیاں دینے والوں کو راولپنڈی کی عوام 25 جولائی کو مسترد کرتے ہوئے پھرسے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں گزشتہ 5سالوں کے دوران خدمات کے ریکارڈ قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 2018ء کے الیکشن میں کامیابی حاصل کر کے پانی کا بحران ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کر دیں گے۔ ملک ابرار احمد نے کہا کہ راولپنڈی کینٹ میں گزشتہ 5سالوں کے دوران نئے ٹیوب ویل، فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب، درجنوں ڈسپنسریوں کا قیام، پانی کی فراہمی کے لئے خانپور ڈیم فیز تھری کے تمام فنڈز کی یکمشت فراہمی، گیس بحران کے خاتمے کے لئے کروڑوں روپے لاگت سے سواں کیمپ سے نئی پائپ لائن بچھانے سمیت متعدد ترقیاتی کام کرائے ہیں جن کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں کامیاب ہو کر پانی کی متبادل ذرائع سے فراہمی، راولپنڈی کینٹ میں نیا جدید ہسپتال بنانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔