Live Updates

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے ملنے والی حتمی فہرست جاری کر دی

قومی اسمبلی کی نشستوں پر 3 ہزار 675 جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کیلئے 8895 امیدوار میدان میں ہیں

بدھ 4 جولائی 2018 22:35

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی ریٹرننگ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے ملنے والی حتمی فہرست جاری کر دی ہے، فہرست کے مطابق قومی اسمبلی کی نشستوں پر 3 ہزار 675 جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کیلئے 8895 امیدوار میدان میں ہیں۔

حتمی فہرست میں امیدواروں کے نام، ان کے پتہ جات، انتخابی نشانات اور پارٹی وابستگی کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ لاہور، راجن پور اور رحیم یار خان کے حلقوں سے امیدواروں کی تفصیلات عدالت میں کیس ہونے کی وجہ سے جاری نہیں کی گئیں۔ امیدواروں کی تفصیلات الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائٹ پر بھی ڈال دی ہے۔ امیدواروں کی تفصیلات پر مبنی فارم 33 جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق سابق وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام این اے 2 سوات اور این اے 29 پشاور سے انتخابات میں حصہ رہے ہیں۔ این اے 3 سوات سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت 8 امیدوار مدمقابل ہیں۔ این اے 7 دیر سے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سمیت 8 امیدوار جبکہ این اے 8 بلاول بھٹو زرداری سمیت 13 امیدوار مدمقابل ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر سمیت 14 امیدوار این اے 14 مانسہرہ سے میدان میں ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امیر حیدر ہوتی سمیت 6 امیدوار این اے 21 مردان سے مدمقابل ہیں۔ این اے 23 چارسدہ سے آفتاب احمد شیرپائو سمیت 7 جبکہ این اے 24 سے اسفند یار ولی سمیت 8 امیدوار مدمقابل ہیں۔ این اے 25 نوشہرہ سے سابق وزیراعلیٰ پرویز خان خٹک سمیت 9 امیدوار میدان میں ہیں۔

این اے 31 پشاور سے غلام احمد بلور سمیت 13، این اے 35 بنوں سے عمران خان اور سابق وزیراعلیٰ اکرم خان درانی سمیت 12، این اے 38 ڈیرہ اسماعیل خان سے مولانا فضل الرحمن اور فیصل کریم کنڈی سمیت 15 جبکہ این اے 39 سے مولانا فضل الرحمن اور فیصل کریم کنڈی سمیت 15 امیدوار میدان میں ہیں۔ اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت 34 امیدوار مدمقابل ہیں۔

این اے 57 مری سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت 8 امیدوار میدان میں ہیں۔ سابق وزیراعظم چوہدری پرویز اشرف سمیت 10 امیدوار قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 58 گوجر خان سے میدان میں ہیں۔ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان این اے 59 اور 63 سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، این اے 59 میں 10 جبکہ 63 میں 8 امیدوار مدمقابل ہیں۔ شیخ رشید احمد راولپنڈی کے حلقہ این اے 60 اور 62 سے امیدوار ہیں۔

این اے 60 میں کل 8 امیدوار جبکہ این اے 62 میں 12 امیدوار مدمقابل ہیں۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری سمیت قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 67 جہلم سے 12 امیدوار مدمقابل ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 69 گجرات سے حصہ لے رہے ہیں جہاں سے کل 13 امیدوار میدان میں ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 70 گجرات سے سابق وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ سمیت 9 امیدوار میدان میں ہیں۔

سیالکوٹ کے حلقہ این اے 72 سے سابق وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سمیت 10 جبکہ این اے 73 سیالکوٹ سے سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف سمیت 10 امیدوار میدان میں ہیں۔ این اے 78 نارووال سے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال سمیت 12 امیدوار میدان میں ہیں۔ این اے 81 گوجرانوالہ سے سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر سمیت 13 امیدوار مدمقابل ہیں۔ این اے 87 حافظ آباد سے سابق وزیر سائرہ افضل تارڑ سمیت 15 امیدواروں میں مقابلہ ہے۔

این اے 88 سرگودہا سے ندیم افضل گوندل سمیت 6 امیدوار مدمقابل ہیں۔ این اے 89 سرگودہا سے سابق پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات محسن نواز رانجھا سمیت 6 امیدوار میدان میں ہیں۔ این اے 93 خوشاب سے سمیرا ملک سمیت 8 جبکہ این اے 94 خوشاب سے 8 امیدوار میدان میں ہیں۔ این اے 95 میانوالی سے عمران احمد خان نیازی سمیت 11 امیدوار میدان میں ہیں۔ این اے 106 فیصل آباد سے سابق وزیر قانون رانا ثناء الله سمیت 8 امیدوار میدان میں ہیں۔

سابق وزیر مملکت عابد شیر علی سمیت 9 امیدوار این اے 108 فیصل آباد سے میدان میں ہیں۔ این اے 117 ننکانہ صاحب سے سابق وفاقی وزیر چوہدری برجیس احمد طاہر سمیت 11 امیدوار مدمقابل ہیں۔ سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سمیت این اے 120 شیخوپورہ سے 9 امیدوار مدمقابل ہیں۔ ملتان کے حلقہ این اے 154 سے سابق وزیراعظم کے فرزند سیّّد عبدالقادر گیلانی سمیت 13 امیدوار میدان میں ہیں۔

این اے 156 ملتان سے شاہ محمود قریشی سمیت 12 جبکہ این اے 158 ملتان سے سابق وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی سمیت 7 امیدوار مدمقابل ہیں۔ این اے 164 وہاڑی سے سابق وزیر تہمینہ دولتانہ سمیت 14 امیدوار مدمقابل ہیں۔ سابق صدر پاکستان ضیاء الحق کے فرزند اعجاز الحق این اے 169 بہاولنگر سے امیدوار ہیں۔ این اے 170 بہاولپور سے سابق وزیر بلیغ الرحمن سمیت 12 امیدوار میدان میں ہیں۔

این اے 171 بہاولپور سے سابق وزیر ریاض حسین پیرزادہ سمیت 7 امیدوار مدمقابل ہیں۔ این اے 172 بہاولپور سے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سیکرٹری طارق بشیر چیمہ سمیت 6 امیدواروں میں مقابلہ ہے۔ این اے 181 مظفر گڑھ سے سابق گورنر پنجاب ملک غلام مصطفی کھر سمیت 11 امیدوار مدمقابل ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 186 مظفر گڑھ سے کل 5 امیدوار میدان میں ہیں۔

این اے 190 ڈیرہ غازی خان سے سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ سمیت 5 امیدوار مدمقابل ہیں۔ این اے 191 ڈیرہ غازی خان سے سابق وزیر سردار اویس احمد خان لغاری اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ سمیت 13 امیدوار میدان میں ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت 6 امیدوار ڈیرہ غازی خان سے این اے 192 کی نشست پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

سابق چیئرمین سینٹ محمد میاں سومرو سمیت 11 امیدوار سندھ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 196 جیکب آباد سے مدمقابل ہیں۔ این اے 200 لاڑکانہ سے بلاول بھٹو زرداری سمیت 18 امیدوار میدان میں ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 208 خیرپور سے 2 سابق وزراء اعلیٰ سندھ سمیت 10 امیدوار مدمقابل ہیں۔ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 شہید بے نظیر آباد سے میدان میں ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم این اے 219 میرپور خاص جبکہ شاہ محمود قریشی این اے 220 عمرکوٹ سے امیدوار ہیں۔ این اے 221 تھرپارکر سے بھی شاہ محمود قریشی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ این اے 206 سکھر سے سابق اپوزیشن لیڈر سیّد خورشید احمد شاہ سمیت 17 امیدوار مدمقابل ہیں۔ این اے 243 کراچی سے عمران خان سمیت 13، این اے 245 سے فاروق ستار سمیت 15، این اے 246 لیاری سے بلاول بھٹو زرداری سمیت این اے 247 کراچی سے فاروق ستار سمیت 23 امیدوار مدمقابل ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر شاہی سید سمیت 13 امیدوار این اے 250 سے مدمقابل ہیں۔ شہباز شریف این اے 249 سے بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ڈپٹی میئر کراچی ارشد ووہرا سمیت 17 امیدوار این اے 254 سے میدان میں ہیں۔ این اے 258 لورالائی سے سردار محمد یعقوب خان سمیت 19 امیدوار مدمقابل ہیں۔ این اے 263 قلعہ عبدالله سے محمود خان اچکزئی سمیت 19 جبکہ این اے 267 مستونگ سے سابق وزیراعلیٰ سردار ثناء زہری سمیت 21 امیدوار میدان میں ہیں۔ سابق گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ سمیت 16 امیدوار این اے 270 پنجگور واشک سے میدان میں ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال خان، سابق وزیراعلیٰ محمد اختر مینگل سمیت 13 امیدوار این اے 272 لسبیلہ گوادر سے میدان میں ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات