مجلس عمل وسائل کی منصفانہ تقسیم کر کے امیرو غریب کا فرق ختم کرے گی‘ لیاقت بلوچ

متحدہ مجلس عمل عوام کو پینے کے صاف پانی ، صحت عامہ کی سہولتیں تعلیم کا اعلیٰ معیاری اخلاقی نظام فراہم کرے گی

بدھ 4 جولائی 2018 23:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستا ن کے سیکرٹری جنرل ، امیدوار قومی اسمبلی این اے 130 لیاقت بلوچ نے وحدت روڈ ، مکہ کالونی گلبرگ میں کارنرمیٹنگزسے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ متحدہ مجلس عمل کے علاوہ جو دینی جماعتیں انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں ، ہمارے وفود ان سے بھی ملاقات کریں گے اور ان سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے ۔

متحدہ مجلس عمل کی قیادت نے یکسو اور متحد ہو کر تمام فیصلے کرلیے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ایم ایم اے کے کارکنان اور دینی جماعتوں سے وابستہ علمائے کرام ،بالخصوص دینی ذہن رکھنے والے ووٹرز غیر شائستہ اور سیکولر ذہن سیاست کو شکست دیں گے ۔ مجلس عمل وسائل کی منصفانہ تقسیم کر کے امیرو غریب کا فرق ختم کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان ہر قسم کے وسائل سے مالا مال ہے ۔

کرپٹ سیاست اشرافیہ نے قوم کے وسائل کو لوٹ کر صرف اپنی جیبیں بھری ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل عوام کو پینے کے صاف پانی ، صحت عامہ کی سہولتیں ، بنیادی مراکز صحت کے قیام ، تعلیم کا اعلیٰ معیاری اخلاقی نظام فراہم کرے گی ۔ خواتین کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائے گی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گی اور ملک میں قرآن و سنت کا نظام لا کر اسے حقیقی طور پر اسلامی فلاحی ریاست بنائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کی حکومت معذور و بے سہارا افراد کی کفالت یقینی بنائے گی ۔ زکوة و عشر اور بیت المال کے ذریعے غریب افراد کی بھر پور دادرسی کرے گی ۔