Live Updates

نواز شریف نے لندن میں سیاسی پناہ حاصل کرلی، پاکستان واپس نہیں آئیں گے

شہباز شریف تیز چلیں نہ چلیں، ووٹ ان کے بڑے بھائی کا ہے اور ان کا ووٹ بینک مریم نواز کو منتقل ہوگا: آصف زرداری کا دعویٰ

muhammad ali محمد علی بدھ 4 جولائی 2018 22:14

نواز شریف نے لندن میں سیاسی پناہ حاصل کرلی، پاکستان واپس نہیں آئیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 جولائی 2018ء) آصف زرداری کا دعوی ہے کہ نواز شریف نے لندن میں سیاسی پناہ حاصل کرلی، پاکستان واپس نہیں آئیں گے، نواز شریف کے بھائی شہباز شریف تیز چلیں نہ چلیں، ووٹ ان کے بڑے بھائی کا ہے اور ان کا ووٹ بینک مریم نواز کو منتقل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے تہلکہ خیز دعویٰ کیا گیا ہے۔

آصف زرداری کہتے ہیں کہ سابق وزیراعظم نواز شریف جو اس وقت لندن میں موجود ہیں، وہ لندن میں سیاسی پناہ حاصل کر چکے ہیں اور اب ایسا ہی لگتا ہے کہ وہ پاکستان واپس نہیں آئیں گے۔ آصف زرداری مزید کہتے ہیں کہ ن لیگ کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف تیز چلیں نہ چلیں، ووٹ میاں صاحب کا ہے اور ان کا ووٹ بینک مریم نواز کو منتقل ہوگا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ انہیں چوہدری نثار سے نہیں، نواز شریف سے شکایت ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں آصف زرداری نے کہا کہ وہ بلاول کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں تاہم بلاول اپوزیشن میں بیٹھ کر بھی سیکھیں گے۔ پی پی پی شریک چیئرمین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے کبھی اتحاد کی بات نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں نیب کارکردگی کےلحاظ سےغیر مؤثر ہے، 30سال سے میرا احتساب کیا جارہاہے۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ذوالفقار مرزا اس قابل ہی نہیں کہ اس پر تبصرہ کروں۔ واضح رہے کہ نااہل قرار دیے گئے سابق وزیراعظم نواز شریف ان دنوں لندن میں موجود ہیں۔ نواز شریف اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے سلسلے میں لندن میں موجود ہیں۔ اسی لیے اب انہوں نے ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے سلسلے میں عدالت کے طلب کیے جانے کے باوجود پاکستان واپس نہ آنے کا اعلان کیا ہے۔ نواز شریف نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ 6 جولائی کو نہ سنایا جائے اور اسے موخر کر دیا جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات