محمد نواز شریف اپنی اہلیہ کی طبیعت بہتر ہوتے ہی وطن واپس آئیں گے، محمد شہباز شریف ہماری انتخابی مہم کی سربراہی کر رہے ہیں،چوہدری نثار پارٹی میں واپس آتے ہیں تو خوشی ہو گی،شاہد خاقان عباسی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 5 جولائی 2018 00:00

محمد نواز شریف اپنی اہلیہ کی طبیعت بہتر ہوتے ہی وطن واپس آئیں گے، محمد ..
اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2018ء) سابق وزیراعظم و رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز شدید علیل ہیں جس کی وجہ سے وہ لندن میں رکے ہوئے ہیں، اہلیہ کی طبیعت بہتر ہوتے ہی وہ اپنے وطن واپس آئیں گے۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کا یہاں پارٹی کی انتخابی مہم میں شریک ہونا یقینا بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہ گزشتہ 30 سال سے پارٹی کو لیڈ کر رہے ہیں اور لوگ انہیں چاہتے بھی ہیں لیکن ان کے ملک سے باہر ہونے کی وجہ بڑی واضح ہے کہ انکی اہلیہ کی حالت بہت تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی بھی یہ خواہش تھی کہ وہ اپنی پارٹی کی انتخابی مہم میں ضرور شریک ہوتے اور جیسے وہ پہلے اپنے جلسوں سے لوگوں کو موبلائز کر رہے تھے اب بھی کرتے لیکن اب ہماری جماعت کے صدر محمد شہباز شریف اس انتخابی مہم کی سربراہی کر رہے ہیں اور ہم سب مل کر اسے آگے بڑھا رہے ہیں لیکن نواز شریف کی غیر موجودگی سے ہماری انتخابی مہم پر اثر ضرور پڑا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کے خلاف فیصلہ الیکشن کے بعد ہونا چاہیئے کیونکہ فیصلہ سناتے وقت ملزم کا موجود ہونا ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عدالت کا ہر فیصلہ قبول کیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر چوہدری نثار پارٹی میں واپس آتے ہیں تو خوشی ہو گی۔