کراچی میں فوم بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی‘5زخمی

آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا‘ لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 5 جولائی 2018 14:04

کراچی میں فوم بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی‘5زخمی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05جولائی۔2018ء) کراچی میں سائٹ ایریا میں ضیاءموڑ کے قریب فوم بنانے والی فیکٹری میں آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے، جس کے باعث لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا جبکہ فائر فائٹرز سمیت 5 افراد زخمی بھی ہوگئے۔سائٹ ایریا میں جمعرات کی صبح فوم بنانے والی فیکٹری کےایک حصے میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دیگر حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

فیکٹری میں آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچی اور آگ بجھانے کی کوششیں شروع کردیں اور فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں، باﺅزر اور اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے پانی کے ساتھ ساتھ فوم کا استعمال بھی کیا جارہا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ آتشزدگی سے اطراف کی فیکٹریاں اور دیگر املاک متاثر نہ ہو۔

(جاری ہے)

ضیاءموڑ پر واقع فیکٹری کے اطراف گتے بنانے والی فیکٹری سمیت دیگر فیکٹریاں بھی موجود ہیں اور اگر آگ پر قابو نہیں پایا جاتا تو دیگر فیکٹریاں بھی لپیٹ میں آ سکتی ہیں۔فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے فیکٹری کے اندرونی حصوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ آگ کی شدت کے باعث فائر فائٹرز کو اندرونی حصوں میں آگ بجھانے میں دشواری کا سامنا ہے۔

دوسری جانب فوم فیکٹری میں آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں، تاہم اس طرح کی اطلاعات ہیں کہ آتشزدگی کے دوران 5 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی فیکٹری میں آتشزدگی کے مختلف واقعات رونما ہوچکے ہیں، تاہم اس کے باوجود انتظامیہ اور فیکٹری مالکان کی جانب سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے.