تعلیمی پالیسی میں کوئی نئی تبدیلی نہیں لائیں گے،

معیاری تعلیم پر زور دیا جائے گا۔ چئیرمین ایچ ای سی

جمعرات 5 جولائی 2018 14:26

تعلیمی پالیسی میں کوئی نئی تبدیلی نہیں لائیں گے،
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2018ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن (یچ ای سی)کے چئیرمین ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا ہے کہ ایجوکیشن سیکٹر میں درپیش مسائل پر نظر ثانی کر کے ان کا حل نکالا جائے گا ،تعلیمی پالیسی میں کوئی نئی تبدیلی نہیں لائیں گے ، معیاری تعلیم پر زور دیا جائے گا،ملک بھر میں یکساں تعلیمی نظام کے خواہاں ہیں وفاق سمیت تمام صوبوں میں تعلیم کا معیار بہتر ہونا چاہیے، حکومت نے جو زمہ داری سونپی ہے ا س میں ایمانداری اور پیشہ وارانہ طریقے سے کام کروں گا،جامعات کو دی جانی والی فنڈنگ میں بھی ایک ایسا نظام بنایا جائے گاجس میں یونیورسٹیوں کی فیکلٹی اور بہتری کے لئے مالی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب کے دوران فیکلٹی ممبران اور طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلرڈاکٹر ثمینہ آمین قادر ،رجسٹرار یونیورسٹی ثمینہ بخاری ،فیکلٹی ممبران اور طالبات بھی موجود تھیں۔ایچ ای سی کے چئیرمین ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی،پروگرام آف ٹرانسلیشن اورسوشل لرننگ سوسائٹی کو مزید بہتر کیا جائے گا،سٹوڈنٹس اور ٹیچرز کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ مطالعہ کریں کیونکہ کتابیں پڑھنے سے ہی ہمارا تعلیمی معیار بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں گے،تمام جامعات میں وائس چانسلر ز اور فیکلٹی ممبران تربیت یافتہ ہونے چاہئیں،انہوں نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا بنیادی مقصد طلباء طالبات کو کامیاب بنا کر ان کا مستقبل بہتر بنا ناہے ۔سٹوڈنٹس کو اگرمسائل درپیش ہوں تووہ ای میل کے ذریعے مجھے مطلع کریں، طلباء طالبات اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد بے روزگاری کا شکار رہتے ہیں ان کے لئے اس حوالہ سے بھی پالیسی بنائی جائے گی۔