بلیک میلر نے سعودی خاتون کے نو لاکھ سعودی ریال ہڑپ کر ڈالے

شیطان صفت آدمی 14سال تک خاتون کو مسلسل مالی استحصال کا نشانہ بناتا رہا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 5 جولائی 2018 17:12

بلیک میلر نے سعودی خاتون کے نو لاکھ سعودی ریال ہڑپ کر ڈالے
ریاض( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جُولائی 2018) بلیک میلر کے استحصال کا نشانہ بننے والی خاتون نے چودہ سالوں کے دوران نو لاکھ سعودی ریال لُٹا دیئے۔  تفصیلات کے مطابق ملزم خاتون کے ساتھ ماضی کے تعلقات کو چھُپانے کے بدلے میں اُس سے بار بار رقم کا تقاضا کرتا رہاجس کے باعث ریاض کی رہائشی خاتون نے اپنی عزت کا پاس رکھنے کی غرض سے نو لاکھ سعودی ریال کی خطیر رقم برباد کر ڈالی۔

خاتون کے مطابق وہ ہائی سکول کی طالبہ تھی جب اُس کی ایک نوجوان سے دوستی ہوئی‘ جس دوران ملزم نے اُس کی تصویریں بھی لے لیں اور اُس سے شادی رچانے کے جھوٹے وعدے کرتا رہا۔جبکہ اپنی نفسانی خواہشات کی تکمیل کے لیے ملزم نے کئی بار خاتون سے تنہائی میں ملنے پر اصرار کیا مگر خاتون اُس کی بدنیتی کو بھانپتے ہوئے مسلسل انکار کرتی رہی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ملزم نے تصاویر کی آڑ میں اُسے بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔

ابتداء میں ملزم نے اُسے مجبور کیا کہ وہ اپنا ویزہ کارڈ اُس کے حوالے کر دے تاکہ وہ خاتون کے اکاؤنٹ میں چار سال کی جمع ہونے والی یونیورسٹی سکالر شپ کی رقم نکلوا سکے۔ مجبوراً خاتون کو اُس کی بات ماننا پڑی۔ سعودی خاتون نے یونیورسٹی سے اپنی گریجوایشن مکمل کی جس کے بعد اُسے تدریسی شعبے میں ملازمت مل گئی اور کچھ عرصے بعد اس کی شادی ہو گئی۔

خاتون اب مطمئن اور بے فکر ہو گئی تھی کہ شاید اُس کی جان بلیک میلر کے استحصال سے چھُٹ گئی ہے‘ مگر اُس کا یہ خیال ریت کی دیوار ثابت ہوا۔ کچھ عرصے بعد ہی اُس کے پُرانے آشنا نے اُسے دوبارہ بلیک میلنگ کا نشانہ بنانا شروع کر دِیا۔ملزم اُسے دھمکی دیتا کہ اگر اُس نے اُسے رقم فراہم نہ کی تو وہ اُس کے خاوند اور گھر والوں کو اُس کے ماضی کے بارے میں بتا دے گا۔

یوں ایک دفعہ پھر خاتون کو اُس کی دھمکیوں کے آگے بادلِ ناخواستہ سر جھُکانا پڑا اور اُس نے اپنا اے ٹی ایم کارڈ ملزم کے حوالے کر دیا جس کی مدد سے بے رحم شخص‘ خاتون کی دس سال کی تنخواہیں‘ الاؤنس اور بونسز ہڑپ کرتا رہا۔ اس خاتون کی اذیت بھری داستان کو سعودی مذہبی پولیس کے سربراہشیخ عبدالرحمان ال مسند کی بلیک میلنگ پر تحریر کی گئی کتاب میں رپورٹ کیا گیا ہے۔ جسے سعودی عرب کے ایک چینل نے بھی خصوصی طور پر بیان کیا ہے۔