مسلم لیگ (ن) نے انتخابی منشور پیش کردیا‘ڈیموں کی تعمیر اور مقامی حکومتوں کے قیام کے وعدے

ہیلتھ کارڈ کو ملک بھر میں پھیلائیں گے، ہرسکول میں ٹیکنیِکل اور ووکیشنل سینٹر بنائیں گے‘ہم نے زراعت کو مضبوط کیا، کسانوں کو بلاسود قرضے دیئے گئے-شہبازشریف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 5 جولائی 2018 18:10

مسلم لیگ (ن) نے انتخابی منشور پیش کردیا‘ڈیموں کی تعمیر اور مقامی حکومتوں ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05جولائی۔2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اپنی پارٹی کا انتخابی منشور پیش کردیا ہے۔پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں پارٹی منشور پیش کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے، بھارت ڈھٹائی سے ڈیم پر ڈیم بنا رہا ہے اس لیے دیامر بھاشا ڈیم ہماری سب سے پہلی ترجیح ہے۔

انہوں نے تمام فریقین سے الیکشن کے فوری بعد بھاشا ڈیم پر کام شروع کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ڈیموں کے لیے چندہ بھی اکٹھا کرنا پڑے تو کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ حکومت کا موقع ملا تو ہماری گزشتہ حکومت میں جاری کیے گئے ہیلتھ کارڈ کو ملک بھر میں پھیلائیں گے، ہرسکول میں ٹیکنیِکل اور ووکیشنل سینٹر بنائیں گے، دیہاتوں میں ایگرو بیس انڈسٹری لگائیں گے اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے پارٹی صدر نے کہا کہ 2013 میں بجلی بحران اور امن و امان ایک بہت بڑا مسئلہ تھا اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پورا ملک سراپا احتجاج تھا۔انہوں نے کہا کہ 2013 میں ملک بھر میں واپڈا کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا جاتا تھا، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا تھا لیکن نواز شریف نے 2013 میں وعدہ کیا تھا کہ بجلی بحران کا خاتمہ کروں گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ’ہم نے 5 سالوں میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی بنائی، ایل این جی کے منصوبوں کے ذریعے 5 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آئی مسلم لیگ (ن) نے نیلم جہلم منصوبے کو قابل عمل بنایا، تاریخ میں پہلی بار شمسی توانائی سے چلنے والے منصوبے لگائے گئے، جبکہ تربیلا فور سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے کراچی سمیت پورے ملک میں امن قائم کیا، ہمارے دور میں برق رفتار اور شفاف منصوبے لگے، نواز شریف نے ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا اور حکومت نے زراعت کو مضبوط کیا، کسانوں کو بلاسود قرضے دیئے گئے، جبکہ 5 سال میں پنجاب میں سڑکوں پر 100 ارب روپے خرچ کیے گئے۔

کرپشن کے الزامات پر شہباز شریف نے کہا کہ ’نیب کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ ایک پائی کی کرپشن ثابت کردے جبکہ پاک۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی سرمایہ کاری پر بھی کوئی اعتراض نہیں اٹھا سکتا۔