Live Updates

عوام کو دیکھنا چاہیے کہ کس نے اپنے منشور پر عمل کیا اور کس نے صرف اعلانات کئے،

لوگوں نے اپنے صوبوں میں دھیلے کا کام نہیں کیا اور اپنے منشور میں بڑے بڑے دعوے کر رہے ہیں، ملکی ترقی کے 66سال ایک طرف ہیں اور ہمارے 5سال ایک طرف ہیں، پچھلے اڑھائی برس میں لگنے والے 5ہزار میگاواٹ کے منصوبے صاف اور شفاف ہیں، ہم نے قوم کے 160ارب روپے بچائے، میں نیب کو چیلنج کرتا ہوں ، عدالت عظمیٰ سے مودبانہ گزارش کرتا ہوں کہ چیک کرالیں، اگر ایک پائی بھی کم ہو تو میں ذمہ دار ہوں،ہم کم قیمت مکانات کیلئے منصوبہ لگائیں گے، ہیلتھ کارڈ پورے ملک میں شروع کریں گے، چھوٹے پیمانوں پر دیہاتوں میں صنعتیں لگائیں گے، اس سے زرعی اجناس ضائع نہیں ہوں گی اور برآمدات میں اضافہ ہو گا،ایسا نظام لائیں گے جس سے اشیاء کی پیداواری قیمت میں کمی آئے،سی پیک کی تکمیل کے بعد خوشحالی کے دروازے کھل جائیں گے، چاہے اس میں 10برس لگ جائیں، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر پر 14ارب ڈالر تک لاگت آئے گی اس ڈیم سے 4500میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی،اگر ہمیں دیامربھاشا ڈیم کیلئے چندہ بھی کرنا پڑا توکریں گے ْمسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا انتخابی منشور کی تقریب سے خطاب

جمعرات 5 جولائی 2018 19:18

عوام کو دیکھنا چاہیے کہ کس نے اپنے منشور پر عمل کیا اور کس نے صرف اعلانات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو دیکھنا چاہیے کہ کس نے اپنے منشور پر عمل کیا اور کس نے صرف اعلانات کئے، لوگوں نے اپنے صوبوں میں دھیلے کا کام نہیں کیا اور اپنے منشور میں بڑے بڑے دعوے کر رہے ہیں، ملکی ترقی کے 66سال ایک طرف ہیں اور ہمارے 5سال ایک طرف ہیں، پچھلے اڑھائی برس میں لگنے والے 5ہزار میگاواٹ کے منصوبے صاف اور شفاف ہیں، ہم نے قوم کے 160ارب روپے بچائے، میں نیب کو چیلنج کرتا ہوں ، عدالت عظمیٰ سے مودبانہ گزارش کرتا ہوں کہ چیک کرالیں، اگر ایک پائی بھی کم ہو تو میں ذمہ دار ہوں،ہم کم قیمت مکانات کیلئے منصوبہ لگائیں گے، ہیلتھ کارڈ پورے ملک میں شروع کریں گے، چھوٹے پیمانوں پر دیہاتوں میں صنعتیں لگائیں گے، اس سے زرعی اجناس ضائع نہیں ہوں گی اور برآمدات میں اضافہ ہو گا،ایسا نظام لائیں گے جس سے اشیاء کی پیداواری قیمت میں کمی آئے،سی پیک کی تکمیل کے بعد خوشحالی کے دروازے کھل جائیں گے، چاہے اس میں 10برس لگ جائیں، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر پر 14ارب ڈالر تک لاگت آئے گی اس ڈیم سے 4500میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی،اگر ہمیں دیامربھاشا ڈیم کیلئے چندہ بھی کرنا پڑا توکریں گے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو انتخابی منشور پیش کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ میں سب لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اس مشکل موسم میں یہاں آئے، 2013کے انتخابات میں پارٹیوں نے منشور دیا اور اب تک ان پارٹیوں نے اپنے منشور پر کتنا عمل کیا یہ بات پیمانہ ہے، لوگوں نے بڑے بڑے نعرے لگائے لیکن ان پر عمل نہیں کیا،2013میں بے پناہ چیلنجز اور گھمبیر مشکلات تھیں، ان چیلنجز میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سب سے بڑی مشکل تھی اور دہشت گردی نے ملک کے امن کو تباہ کر دیا تھا،2013میں پورا ملک سراپا احتجاج تھا، واپڈا کے دفاتر کے سامنے احتجاج ہوتے تھے اور پاکستان کی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی تھی، برآمدات تباہ ہو گئی تھی، زراعت پیلی پڑ گئی تھی، لاکھوں لوگ بے روزگار تھے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 2013میں قوم سے وعدہ کیا کہ میں پوری کوشش کروں گاکہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو اور ترقی کا پہیہ آگے چلے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا آگے بڑھایا، ہم 11ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں لائے، اس میں 3ہزار میگاواٹ بجلی سی پیک کی مد میں آئی،5ہزار میگاواٹ بجلی (ایل این جی)کے ذریعے آئی جو پنجاب حکومت اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پیدا کی، نیلم جہلم پراجیکٹ منصوبے کو نواز شریف نے قابل عمل بنایا، تربیلا 4منصویہ پر1000میگاواٹ بجلی پیدا کی، نیوکلیئر منصوبے سے چند سو میگاواٹ بجلی کی پیدوار میں اضافہ ہوا، ہم نے شمسی اور ونڈ پاور کے منصوبے شروع کئے، ہم نے 5برسوں میں 11ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی اور 18ہزار میگاواٹ بجلی 66برسوں میں پیدا ہوئی، یہ 66سال ایک طرف ہیں اور ہمارے 5برس ایک طرف ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک میں بجلی کی سرمایہ کاری چین نے کی ہے، اس پر اعتراض نہیں اٹھایا جا سکتا، اس کے علاوہ ہم نے اڑھائی ارب ڈالر کی لاگت سے بجلی کے منصوبے لگائے، پچھلے اڑھائی برس میں لگنے والے 5ہزار میگاواٹ کے منصوبے صاف اور شفاف ہیں، ہم نے قوم کے 160ارب روپے بچائے، میں نیب کو چیلنج کرتا ہوں ، عدالت عظمیٰ سے مودبانہ گزارش کرتا ہوں کہ چیک کرالیں، اگر ایک پائی بھی کم ہو تو میں ذمہ دار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی سمیت پورے ملک میں امن قائم کیا جو کہ نواز شریف کی کاوش ہے، کسی قوم کو توانا کرنے کیلئے چند چیزیں ضروری ہیں، پہلی چیز معاشی تحفظ ہے، خصوصاً نادار لوگوں کا،دوسری چیز عوام کو امپاور کرنا ہے،لوگوں کی کفالت کیلئے 120ارب روپے کا پروگرام نواز شریف نے شروع کیا، اس پروگرام کو ہم سالانہ 200ارب تک لے جائیں گے، اس کے تحت خاندان کو بچے کی تعلیم کی گارنٹی دینی پڑے گی کہ وہ کسی نہ کسی تعلیمی ادارے میں زیر تعلیم ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ لوگوں نے اپنے صوبوں میں دھیلے کا کام نہیں کیا اور اپنے منشور میں بڑے بڑے دعوے کر رہے ہیں، عوام خود تخمینہ لگالیں، ہم نے جنوبی پنجاب میں ہر تعلیم حاصل کرنے والی ہر بچی کا ہم نے وظیفہ 200روپے سے بڑھا کر1000روپے کر دیا، یہ رشوت نہیں تھی، ہم اس منصوبے پر سالانہ 6ارب روپے لگا رہے ہیں، ہم نے خود روزگار سکیم کے تحت اخوت کے تعاون سے 20لاکھ بچوں کو روزگار ملا، یہ پروگرام ایک کروڑ 20لاکھ افراد کا ذریعہ روزگار بنا، پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت پونے 4لاکھ قابل ترین بچوں کو وظائف دیئے گئے، یہ بچے پاکستان کی بہترین جامعات میں زیر تعلیم ہیں، ہم اس پروگرام کو پورے ملک میں شروع کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ صحت کے میدان میں انقلابی اقدام کئے گئے، نواز شریف نے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کیا، یہ کارڈ دنیا کے بڑے ملکوں میں عام آدمی کے پاس ہوتے ہیں، ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل نہیں کیا اور اس کا فنڈ 40ارب روپے سے بڑھا کر 120ارب تک پہنچایا، پنجاب کے 17اضلاع میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء ہو چکا ہے، باقی میں کام جاری ہے، ہم ہیلتھ کارڈ پورے ملک میں شروع کریں گے، پنجاب کے ہر ضلع کے ہسپتال کو ہم نے ترکی اور ملائشیا کے برابر کر دیا ہے، سی ٹی اسکین مشینیں 24گھنٹے کام کررہی ہیں، ہسپتالوں کا عملہ ہر وقت دستیاب ہے، دوائیں بھی مریضوں کو فراہم کی جا رہی ہیں، اب لوگ نجی ہسپتال کو چھوڑ کر سرکاری ہسپتال میں آرہے ہیں،عمران خان کا نعرہ یونیورسٹیاں، ہسپتال، لیب بنانے کا تھا مگر وہاں کا بیڑہ غرق ہو گیا، نہ کوئی یونیورسٹی بنی نہ ہی لیب بنی،عوام اگلی مرتبہ عمران خان کو ووٹ نہیں دیں گے، ہم نے خاندانوں کو پیسے دیئے کہ وہ اپنے بچوں کو کو قریبی اسکول میں داخل کرلیں، اس سے لاکھوں خاندان نے فائدہ اٹھایا، ہم نے پنجاب میں ٹیکنیکل ٹریننگ اسٹیٹیوٹ لاہور میں بنایا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں بلا ضرورت نوکری نہیں دی جا سکتی، لوگ کاروبار کریں اور اپنے پاس ملازم رکھیں، پی ٹی آئی والے بجلی کی پیداوار اور خود کفالت کے دعوے کرتے تھے مگر صرف 72میگاواٹ بجلی پیدا کی، وہاں کے لوگ بددعائیں دیتے ہیں، بجلی سستی ہونے سے اشیاء کی لاگت میں کمی آتی ہے اور منافع بڑھتا ہے، ہم ایسا نظام لائیں گے جس سے اشیاء کی پیداواری قیمت میں کمی آئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ زراعت پاکستان کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،نواز شریف کی حکومت نے کھاد کی قیمت آدھی کی اور اربوں روپے کی سبسڈی دی، ہماری حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسانوں کو اربوں روپے کے منصوبے جاری کئے، ہم نے 100ارب روپی5سالوں میں پنجاب میں خرچ کئے ہیں اور آج پنجاب میں ہزاروں کلومیٹر سڑکیں بن چکی ہیں، ہم چھوٹے پیمانوں پر دیہاتوں میں صنعتیں لگائیں گے، اس سے زرعی اجناس ضائع نہیں ہوں گی اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پانی کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے اور بھارت ڈیم بنائے جا رہا ہے اور ہمارے مشکلات پیدا کررہا ہے اور کوئی قانون نہیں مانتا، میں قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ آئیں اور دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر شروع کریں اس پر 14ارب ڈالر تک لاگت آئے گی، دیامر بھاشا ڈیم سے 4500میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی، ڈیم کا پانی سٹوریج 6ملین ایکڑ فٹ ہے، سیلاب کی تباہی سے بچنے کیلئے دیامربھاشا ڈیم بچائے گا،اگر ہمیں چندہ بھی کرنا پڑے تو ہم دیامربھاشا ڈیم کیلئے چندہ بھی کریں گے،داسو ڈیم پر کام دن رات جاری ہے، داسو ڈیم کیلئے 100روپے سے زمین نواز شریف کے دور حکومت میں خریدی گئی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ اگر دھرنے اور لاک ڈائون نہ ہوا تو دیامر بھاشا ڈیم آسانی سے مکمل ہو گا، ہم کم قیمت مکانات کیلئے منصوبہ لگائیں گے، ہم نے جس طرح پہلے کام کئے ہیں اسی طرح کم قیمت مکانات کا منصوبہ بھی مکمل کریں گے، سی پیک منصوبہ سے لوڈشیڈنگ میں کمی آئی ہے، ڈیموں میں پانی کی کمی کے باعث 3ہزار میگاواٹ بجلی کم پیدا ہوئی ہے، سی پیک کی تکمیل کے بعد خوشحالی کے دروازے کھل جائیں گے، چاہے اس میں 10برس لگ جائیں، سی پیک سے لوگوں کو روزگار ملے گا، انڈسٹریل زونز کے قیام سے لاکھوں لوگوں کو روزگار ملے گا، ملکی ترقی سے ہمارے پاسپورٹ کی امریکہ اور دنیا بھر میں عزت ہو گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف نے پشاور کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے،معاشی آزادی کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ بہت ضروری ہے،ہم دیگر صوبوں کی ترقی کی رفتار کو بڑھائیں گے، آئی ٹی لیب ٹیکنالوجی میں پنجاب دیگر صوبوں سے آگے ہے، لاہور میں 12ہزار کیمرے لگے ہوئے ہیں، لینڈ ریکارڈ انفارمیشن سسٹم سے پنجاب کے 5کروڑ عوام کی قسمت بدل گئی ہے، پہلے لوگ پٹواریوں سے تنگ تھے، ہماری حکومت نے ٹیکس آمدن میں اضافہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نیب کے سامنے پیش ہورہا ہوں، میں نے قوم کے اربوں روپے بچائے جو سینکڑوں ارب روپے کھا گئے ہیں وہ دندناتے پھر رہے ہیں، پی آئی اے میں سالانہ 50ارب روپیہ ضائع ہوتا ہے، ہمیں بجلی کی چوری کو روکنا ہو گا،پرانی اور بوسیدہ تاریں بدلنا ہوں گی، جس میں 3سال لگ سکتے ہیں، میں عام آدمی، یتیم، بیوہ، بزرگ، خواتین اور بے آسرا لوگوں کی بات کرتا ہوں۔شہباز شریف نے شعر پڑھا کر ’’جب اپنا قافلہ عزم و یقین سے نکلے گا…جہاں سے چاہیں گے راستہ وہیں سے نکلے گا…وطن کی مٹی مجھے ایڑیاں رگڑنے دے…مجھے یقین ہے چشمہ یہیں سے نکلے گا‘‘۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات