سابق ایم این اے ملک ابرار احمد کی چیف جسٹس سے پانی بحران کا نوٹس لینے کی اپیل

جمعرات 5 جولائی 2018 19:22

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حلقہ این اے 61 سے نامزد امیدوار ملک ابرار احمد نے چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار سے راولپنڈی کینٹ میں پانی بحران کا نوٹس لینے کی اپیل کردی ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ شہریوں کو پانی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے ،رمضان المبارک کے آخری عشرے سے لیکراب تک راولپنڈی کینٹ کے حلقہ این اے 61کی لاکھوں کی آبادی پانی کی بوند بوند کو ترس گئی ہے ، خانپور ڈیم سے سپلائی بھی نہ ہونے کے برابر ہے اور متعدد ٹیوب ویل بھی خشک ہوچکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ لوگ پرائیویٹ زمینوں پر ٹیوب ویل قائم کر کے پانی فروخت کرتے ہیں ،لیکن پانی کے ٹینکر کی قیمت عام عوام کی پہنچ سے باہر ہے ،پانی کا ٹینکر 3500سے 5000روپے تک بک رہا ہے ،راولپنڈی کینٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے پرائیویٹ ٹیوب ویل سربمہر کرنے سے بھی پانی کے ٹینکروں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اس معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے ایک کمیٹی قائم کریں جو پرائیویٹ پانی فروخت کرنے والوں کو پانی کی سرکاری ترسیل معمول پر آنے تک ان پرائیویٹ ٹیوب ویل مالکان سے رعائتی نرخوں پر پانی فراہمی کو یقینی بنائے یا کوئی قابل عمل حل نکالا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پانی کے شدید ترین بحران سے عوام بلبلا اٹھے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے گذشتہ پانچ سالہ دور میں کروڑوں روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے لیکن پھر بھی عوام کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر اس مسئلے کا کوئی حل نہ نکالا گیا تو لوگ مجبوراً سڑکوں پر آئیں گے ۔واضح رہے کہ ملک ابرار حلقہ این اے 61کے سابق ایم این اے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ پانچ سالہ اقتدار میں بطور ایم این اے انہوں نے از خود پانی کا مسئلہ حل نہیں کروایا اور اب مسئلے کا ذمہ دار راولپنڈی کینٹ کو قرار دے رہے ہیں ۔