ایم ایم اے قوم کے لیے امید کی کرن ، 25 جولائی کو کامیابی دینی جماعتوں کی ہوگی،صابرحسین

اعوان ۔ پارٹیاں اور جھنڈے تبدیل کرنے والے کرپٹ لوگ قوم کے مسائل کے ذمہ دار ہیں ۔ ان کا مستقبل جیل ہے ۔، امیدوار این اے 28

جمعرات 5 جولائی 2018 21:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل این اے 28 کے ذمہ داران کا اجلا س صدر متحدہ مجلس عمل پشاور و امیدوار این اے 28 صابرحسین اعوان کے صدارت میں ہوا۔ اجلاس میںایم ایم اے میں شامل جماعتوں کے عہدیداران نے شرکت کی ۔ اجلاس میںاین اے 28 اور صوبائی حلقوں میںانتخابی مہم کا جائزہ لیاگیا اور زونل صدور ایم ایم اے نے کارکردگی رپورٹس پیش کیے ۔

اجلاس میںانتخابی مہم پر اطمینان کا اظہا رکیا گیا اور مہم کو مزید تیز اور موثر بنانے کا فیصلہ کیاگیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر ایم ایم اے صابرحسین اعوان نے کہاکہ دینی جماعتوں کے اتحاد کی وجہ سے عوام کا رجحان ایم ایم اے کی طرف ہے اور تمام سیاسی جماعتوں سے مایوس ہو کر ایم ایم اے عوام کے لیے امید کی کرن ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہپارٹیاں اورجھنڈے بد ل کر الیکشن لڑنے والے کرپٹ لوگ کس طرح پاکستان کو موجودہ مسائل سے نجات دلاسکتے ہیں جبکہ یہ تمام مسائل خود ان کے پیدا کردہ ہیں اور آج اگر قوم جہالت ، غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں میں ڈوبی ہوئی ہے تو اس کے اصل مجرم یہی حکمران ہیں جو خود کو سیاست اور حکومت کا مالک سمجھتے ہیں اور عام آدمی کو کیڑے مکوڑوں سے زیادہ اہمیت دینے کو تیار نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ان لوگو ں کی اصل جگہ اقتدار کے ایوان نہیں جیلیں ہیں اور ان شاء اللہ متحدہ مجلس عمل اقتدار میں آکر تمام لٹیروں کا محاسبہ کرے گی اور انہیں ان کے اصل مقام پر پہنچایا جائے گا ۔