عازمین حج کو حفاظتی ٹیکی(کل )سے لگائے جائیں گے ،ڈائریکٹر حج سعید احمد ملک

جمعرات 5 جولائی 2018 22:29

عازمین حج کو حفاظتی ٹیکی(کل )سے لگائے جائیں گے ،ڈائریکٹر حج سعید احمد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جولائی2018ء) ڈائریکٹر حج لاہور سعید احمد ملک نے بتایا ہے کہ عازمین حج کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا سلسلہ کل (جمعہ 6جولائی)سے شروع ہو رہا ہے ۔ اس موقع پر انہیں گردن توڑ بخار سے بچائو کے ٹیکے لگانے کے علاوہ پولیو کے قطرے بھی پلائے جائیں گے ۔ ضلع لاہور سے تعلق رکھنے والے عازمین کو حاجی کیمپ نکلسن روڈ ‘فیصل آباد والوں کو ہفتہ7جولائی سے گورنمنٹ کو آپریٹو کالج سرگودھا روڈ جبکہ سیالکوٹ والوں کو پیر9جولائی سے جناح اسلامیہ کالج میں حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے ۔

عازمین حج سے کہا گیا ہے کہ وہ رش سے بچنے کے لئے اپنے فلائٹ شیڈول کے مطابق ٹیکے لگوانے کے لئے آئیں۔ پرائیویٹ سکیم کے حاجیوں کو بھی حفاظتی ٹیکے حاجی کیمپ میں ہی لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لئے حج گروپ آرگنائزر کو متعلقہ حج ڈائریکٹوریٹ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ پرائیویٹ سکیم کے حاجی ٹیکے لگوانے کے لئے بعد دوپہر حاجی کیمپ آئیں۔

حاجیوں کو پولیو کے قطرے پینے اور گردن تو ڑ بخار کا ٹیکہ لگوانے کا ثبوت سعودی عرب میں داخلے کے وقت ائرپورٹ پر پیش کرنا ہوگا ۔ سعودی عرب پہنچنے پر انہیں سعودی وزارت صحت کی طرف سے بھی ائر پورٹ پر ہی پولیو کے قطرے دوبارہ پلائے جائیں گے ۔ تمام عازمین حج بالخصوص امراض قلب‘گردہ کی تکلیف‘سانس کی بیماری میں مبتلا افراد ‘شوگر کے مریضوں اور موٹاپے کا شکار افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انفلوئنزا کا حفاظتی ٹیکہ ضرور لگوائیں تاکہ دوران حج پریشانی سے بچ سکیں۔وزارت مذہبی امور کی طرف سے تمام حج ڈائریکٹوریٹس میں ویکسی نیشن سنٹر قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں آخری حج پرواز کی روانگی تک حاجیوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا بندوبست کیا گیا ہے ۔