جنوبی وزیرستان ،تحصیل لدھا کے عمائدین کا واپڈا ٹیسکو کو ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن

بارہ جولائی تک کانی گرم اور لدھا میں بجلی کے لائن اور بجلی کے ٹرانسفامروں کی تنصیب کا کام شروع نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا

جمعرات 5 جولائی 2018 22:42

جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2018ء) قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کیتحصیل لدھا کے قبائلی عمائدین نے واپڈا ٹیسکو کے حکام کو ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن دے دی۔بارہ جولائی تک کانی گرم اور لدھا میں بجلی کے لائن اور بجلی کے ٹرانسفامروں کی تنصیب کا کام شروع نہ کیا گیا تو واپڈا ٹیسکوکے خلاف بھرپور احتجاج کے علاوہ کوئٹہ پشاور اہم شاہرہ کو کوڑ کے مقام پر بند کردیں گے۔

واپڈا ٹیسکو اپریشن کے حکام نے بجلی لائن بچھانے اور بجلی کے ٹرانسفارمروں کی تنصیب کا کام کئی ماہ سے ادھورا چھوڑ دیا ہے۔اور واپڈ ا کا عملہ کئی مہینوں سے غائب ہے ۔ان خیالات کا اظہارقبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے وادی کانی گرم ولدھا کے عمائدین نے جمعرات کے دن ڈی سی آفس جنوبی وزیرستان کے جرگہ ہال میں منعقدہ جرگہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ جنوبی وزیرستان کے تحصیل لدھا میں واپڈا ٹیسکو اپریشن کے حکام نے اپریشن راہ نجات کے بعد تباہ شدہ بجلی کے مین لائن اور بجلی کے ٹرانسفارمروں کی تنصیب کا کام شروع کردیا تھا۔مگر کئی ماہ ہونے کو ہے کہ محکمہ ٹیسکو کے حکام گھروں کو چلے گئے ہیں اور بجلی کے لائن بچھانے اور بجلی کے ٹرانسفارمروں کی تنصیب کا کام ادھورا چھوڑ دیا ہے۔

جس کی وجہ سے قبائلیوں میں واپڈا ٹیسکو کے خلاف سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔عمائدین کا کہناتھا کہ پاک فوج کی قربانیوں کی وجہ سے جنوبی وزیرستان میں امن بحال ہوا ہے اور اب وہ وقت دور نہیں کہ اس علاقے کی خوبصورتی کو اجاگر کرکے ملکی و بین الاقوامی سیاحو ں کی توجہ کا مرکز بنا سکیں۔ان کا کہناتھا کہ واپڈا ٹیسکو نے امن و امان کے قیام کے بعد یہاں پر بجلی کی بحالی کاکام شروع کیا تھا مگر افسوس کی بات ہے کہ واپڈا ٹیسکو کے حکام پچھلے کئی ماہ سے غائب ہیں اور کام کو ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے۔

انھوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،کورکمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل نزیراحمد بٹ ،چئیر مین واپڈا لاہور اور واپڈا ٹیسکو کے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ جنوبی وزیرستان کیتحصیل لدھا میں بجلی کی بحالی کا کام جلد از جلد شروع کرنے کے لئے احکامات صادرکریں۔جرگہ کے عمائدین نے دھمکی دی کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر بارہ جولائی تک کانی گرم میں بجلی کے مین لائن اور بجلی کے ٹرانسفامروں کی تنصیب کاکام شروع نہ کیاگیا تو واپڈا ٹیسکو کے خلاف بارہ جولائی کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور کوئٹہ پشاو اہم شاہراہ کو کوڑ کے مقام پر ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند کریں گے۔