Live Updates

مسلمان ہوں اور میرا ختم نبوت پر یقین کامل ہے ، ختم نبوت پر جو یقین نہیں رکھتا ہے وہ اسلام سے خارج ہے‘شفقت محمود

پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے زندگی کے ہر پہلو پر ہماری رہنمائی کی ہے، ان کے بعد کسی اور کی رہنمائی کی گنجائش نہیں رہتی ‘رہنما تحریک انصاف

جمعرات 5 جولائی 2018 23:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکز ی رہنماء و این اے 130 کے امیدوار شفقت محمود نے کہاہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا ایک فیصلہ آیا جو ختم نبوت کے حلف نامے سے متعلق تھا ، ہائیکورٹ کی ججمنٹ میں ایک جگہ میرا ذکر آیا ہے اور آج کی پریس کانفرنس میں وضاحت کرنی ہے کہ کمیٹی نے ہمارے ذمے فارم 23 ، 27 اور 27C کی ذمہ داری لگائی تھی ،فارم 23 امیدوار کے اخراجات کی تفصیلات کا جائزہ ، فارم 27 الیکشن کے بعد سیاسی پارٹی کے اخراجات کی تفصیلات کا جائزہ لینا اور 27C میں الیکشن کے بعد سیاسی پارٹی کے رہنمائوں کے اخراجات کی تفصیلات کے جائزہ کے بارے میں ہیں،ان تینوں فارموں کا ختم نبوت سے کوئی تعلق نہیں ہے، جبکہ فارم 9 ختم نبوت کے بارے میں ہے جس کا کمیٹی نے ہمارا ساتھ کوئی ذکر نہیں کیاتھااور نہ میں اور میری جماعت کاختم نبوت کے فارم سے تعلق ہے،(ن) لیگ نے اس فارم کے بارے میں ہم سے مشاورت نہیں کی تھی ، میں ایک مسلمان ہوں اور میرا ختم نبوت پر یقین کامل ہے ، ختم نبوت پر جو یقین نہیں رکھتا ہے وہ اسلام سے خارج ہے، پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے زندگی کے ہر پہلو پر ہماری رہنمائی کی ہے، ان کے بعد کسی اور کی رہنمائی کی گنجائش نہیں رہتی ،فیصلے میں ایک جگہ میرا نام آیا کیونکہ میں سب کمیٹی کا ممبر تھا ،ججمنٹ میں جہاں میرا ذکر آیا ہے وہ فارم 23 میں امیدوار سے انتخابی خرچے کے بارے میں پوچھا گیا ہے ، فارم 27 میں الیکشن کے بعد خرچے کی تفصیلات دینا ہے ، تیسرا فارم 27 سی سیاسی جماعت کے مرکزی عہدیداروں کی تفصیلاے سے متعلق تھا ، تین فارموں 23، 27 اور 27 سی سے متعلق میرا ذکر آیا جسے کسی نے پڑھنا گوارا نہ کیا ، ان تینوں فارمز کا ختم نبوت حلف نامے سے کیا تعلق ہے فارم نمبر 9 ختم نبوت کے متعلق فارم ہے جس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے ، میں اور میری پارٹی نے اس کمیٹی کا بائیکاٹ کیا تھا جس میں ختم نبوت کا بل پا س ہوا تھا، دکھ اور افسوس ہوتا ہے جب لوگ میرے عقیدے پر بات کرتے ہیں، ان خیالا ت کا اظہار شفقت محمود نے علماء اکرام کے ہمراہ چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ایک سے بڑھ کر ایک تاویلیں چینلز نے دینی شروع کردی گئی ہیں، اچھے اچھے چینلز پر یہ دیکھ کر دنگ رہ گیا ، دنگ اس لیے کہ کسی نے بھی فیصلہ پڑھنا گوارا نہ کیا الیکشن کے دنوں میں سیاسی حریف جماعتوں نے بغیر تحقیق کے مجھے اور تحریک انصاف کو نقصان پہنچایا،شفقت محمود نے کہاکہ کچھ جماعتوں نے احتجاج کیے اور میری تصویریں جلائیں ، احتجاج کرنے والے حریفوں کو اپنی شکست یقینی نظر آرہی ہے ، سیاست ضرور کریں مگر دین کو سیاست میں اس طریقے سے مت لائیں ، الیکٹوریل بل کمیٹی سے پاس ہوا تب ہم نے واک آوٹ کیا تھا ، جس دن بل پا س ہوا تھا اسحاق ڈار نے کمیٹی میںموجود شرکاء کی تصویریں بنائی تھیں اس میں تحریک انصا ف اور اس کا کوئی ممبر موجود نہیں تھا، انہوں نے کہاکہ لوگ باتیں کررہے ہیں اور مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں آرہی ہیں ، شفقت محمود نے کہاکہ میں ایک مسلمان ہوں اور میرا ختم نبوت پر یقین کامل ہے ، پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے زندگی کے ہر پہلو پر ہماری رہنمائی کی ، ان کے بعد کسی اور کی رہنمائی کی گنجائش نہیں رہتی ، ختم نبوت پر جو یقین نہیں رکھتا ہے وہ اسلام سے خارج ہے، دکھ اور افسوس ہوتا ہے جب لوگ میرے عقیدے پر بات کرتے ہیں ، افسوس ہوتا ان لوگوں کو صفائیاں دینا پڑتی ہیں جو سازشیں کرتے ہیں، نبی کا دعوی کوئی اور کرے تو وہ کذاب ہے ، میں، میری جماعت اور میرا خاندان ختم نبوت پر مکمل یقین رکھتا ہے ، میری پیر آف گولڑہ شریف اور دیگر علماء سے اس پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے ، سیاسی جماعتیں اپنا منشور اور پروگرام لے کر آئیں مگر اس طرح کے الزامات نہ لگائیں ، پریس کانفرنس کرنے کا یہی مقصد ہے میرے خلاف سازش کی گئی جو ہر الیکشن میں کی جاتی ہے ،کل جماعت اسلامی نے جلوس نکالے، حریف ہر ہتھکنڈا استعمال کرتے ہیں مگر ان کو شکست ہوگی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات