گجرات یونیورسٹی کے بعد اب کینسر ہسپتال، انجینئرنگ یونیورسٹی اور میڈیکل کالج بنائیں گے،چودھری پرویزالٰہی

ہم نے سیرت اکیڈمی بنائی، قرآن کمپلیکس بنوایا جسے شہبازشریف نے تالا لگوا دیا، سپیشل بچوں کے 170 ادارے بنائے، نابینا افراد کیلئے نوکریوں میں پانچ فیصد کوٹہ مختص کیا، ہر سال 11 لاکھ نوکریاں ہم دے رہے تھے، اگر ہم کامیاب ہو گئے تو ایک بار پھر پڑھا لکھا پنجاب بنائیں گے، پنجاب کو سرسبز بنائیں گے ، جلسے سے خطاب چیف جسٹس نے شہبازشریف کی کرپشن کے پول کھول دئیے، ان کی جانب سے انتقاماً بند رکھا گیا، وزیرآباد کارڈیالوجی اپنی نگرانی میں چلانے کا شکریہ ’گجرات نوں تیرے ورگا پتر نہیں مل سکدا‘‘ چک سادہ جلسہ گاہ جاتے چودھری پرویزالٰہی کو روک کر ایک بزرگ خاتون کی پیشانی چومتے دعائیں

جمعرات 5 جولائی 2018 23:58

گجرات یونیورسٹی کے بعد اب کینسر ہسپتال، انجینئرنگ یونیورسٹی اور میڈیکل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے چک سادہ گجرات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے گجرات میں سٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹی بنائی اب وہ انشاء اللہ یہاں انجینئرنگ یونیورسٹی، کینسر ہسپتال اور میڈیکل کالج بھی بنائیں گے، دس سال میں شریف خاندان نے ملک اور صوبے کا بیڑا غرق کر دیا ہے، آج ن لیگ کے امیدوار کس منہ سے ووٹ لینے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان نے شہبازشریف کی کرپشن کے پول کھول کر عوام کے سامنے رکھ دئیے ہیں، ہر منصوبے سے کرپشن نکل نکل کر سامنے آ رہی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے اعلان کیا کہ منتخب ہونے کے بعد پہلے سے بھی زیادہ عوام کی خدمت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے خود کہا ہے کہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کو صرف اس لیے بند رکھا گیا کہ اسے چودھری پرویزالٰہی نے بنایا ہے، اب میں خود اپنی نگرانی میں اس ہسپتال کو چلائوں گا جس پر میں چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

جلسہ گاہ پیدل جاتے ہوئے ایک بزرگ خاتون نے چودھری پرویزالٰہی کو راستے میں روک کر گلے لگایا، ماتھا چوما اور سر پر پیار دیا اور کہا کہ ’’گجرات نوں تیرے ورگا پتر نہیں مل سکدا‘‘۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ان کی سیاست صرف عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہے، 1122 جیسی کوئی ایک سروس شہبازشریف بتا دیں جو انہوں نے بنائی ہو، چک سادہ کی سڑک آج سے دس سال قبل میں نے تعمیر کروائی تھی جو ٹوٹ پھوٹ چکی ہے اسے میں ہی دوبارہ آ کر بنوائوں گا، ن لیگ ہمیشہ سے کسان دشمن رہی ہے یہی وجہ ہے کہ اپنے دور میں انہوں نے کسانوں کو سوائے خواری کے کچھ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ 1971ء میں چودھری ظہورالٰہی نے سب سے پہلے قادیانیت کے خلاف بل پیش کیا تھا، میں نے آ کر ربوہ کا نام تبدیل کر کے چناب نگر رکھا، ہم ختم نبوت پر مر مٹنے والے لوگ ہیں، ہم نے سیرت اکیڈمی بنائی، قرآن کمپلیکس بنوایا جسے شہبازشریف نے تالا لگوا دیا، سپیشل بچوں کے 170 ادارے بنائے، نابینا افراد کیلئے نوکریوں میں پانچ فیصد کوٹہ مختص کیا، ہر سال 11 لاکھ نوکریاں ہم دے رہے تھے، اگر ہم کامیاب ہو گئے تو ایک بار پھر پڑھا لکھا پنجاب بنائیں گے، پنجاب کو سرسبز بنائیں گے یہ میرا آپ سے وعدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے جتنے منصوبے تھے سب کرپشن فری تھے شہبازشریف کے تمام منصوبے کرپشن کی داستانیں بیان کرتے ہیں، منتخب ہونے کے بعد پہلے سے زیادہ محنت کریں گے، پاکستان اور پنجاب کو اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اب جاگ چکے ہیں، اپنے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے ان میں شعور بیدار ہو گیا ہے، لوگ ن لیگ سے دس سال کا حساب مانگ رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈر آزاد الیکشن لڑنے میں اپنی بہتری سمجھتے ہیں، تمام سینئر مسلم لیگی نوازشریف کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں اور اب وہ تن تنہا ہیں۔

اس موقع پر میاں عمران مسعود، چیئرمین چودھری اظہر وڑائچ، چودھری ضیاء اللہ وڑائچ نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ سٹیج پر سید سجاد الحسین شاہ، چودھری اظہر وڑائچ (سعودی عرب)، سید تجمل حسین شاہ، چودھری اللہ دتہ، چودھری واجد محمود، حاجی سیٹھ مظفر حسین، ماسٹر افتخار احمد، چودھری قمر نواز وڑائچ اور پی ٹی آئی کے رہنما کبیر چودھری موجود تھے۔ قبل ازیں ظہورالٰہی ہائوس سے چک سادہ تک سڑک کے دونوں اطراف مسلم لیگی ٹریکٹر کے نشان والے جھنڈے لگائے گئے تھے، موٹرسائیکل اور گاڑیوں کو چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی کی تصاویر والے سٹکروں سے سجایا گیا تھا۔

چودھری پرویزالٰہی نے ایک کلومیٹر کا فاصلہ پیدل چل کر طے کیا اور لوگوں کے مسائل سنے، راستے میں ان کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ہار پہنائے گئے، جلسہ گاہ پہنچنے پر ڈھول کی تھاپ پر رقص کر کے استقبال کیا گیا اور پرویزالٰہی مونس الٰہی زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔