Live Updates

تحریک انصاف عام انتخابات میں کتنی نشستیں جیتے گی، حساس اداروں نے رپورٹ جاری کردی

تمام اضلاع کی سطح پر مرتب کی گئی حساس اداروں کی رپورٹس کے مطابق عمران خان 130 کے قریب نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے: صحافی انعام اللہ خٹک

muhammad ali محمد علی جمعرات 5 جولائی 2018 22:54

تحریک انصاف عام انتخابات میں کتنی نشستیں جیتے گی، حساس اداروں نے رپورٹ ..
لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 جولائی 2018ء) تحریک انصاف عام انتخابات میں کتنی نشستیں جیتی گی، حساس اداروں نے رپورٹ جاری کردی۔ صحافی انعام اللہ خٹک کے مطابق تمام اضلاع کی سطح پر مرتب کی گئی حساس اداروں کی رپورٹس کے مطابق عمران خان 130 کے قریب نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نجی صحافتی ادارے سے وابستہ صحافی انعام اللہ خٹک کی جانب سے انتخابات کے نتائج سے متعلق تہلکہ خیز دعویٰ کیا گیا ہے۔

انعام اللہ خٹک کا دعویٰ ہے کہ تحریک انصاف باآسانی انتخابات جیت جائے گی۔ اس وقت تحریک انصاف کی مقبولیت ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہے۔ تمام اضلاع سے مرتبہ کی گئی انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 130 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

جبکہ تحریک انصاف کے بعد زیادہ نشستیں حاصل کرنے والا دوسرا بڑا گروپ آزاد امیدواروں کا ہوگا۔

دوسری جانب سیاسی جماعتوں کی عوامی مقبولیت جانچنے کیلئے تواتر سے سروے کرنے والے 2 نجی اداروں گیلپ پاکستان اور پلس کنسلٹنٹ کی جانب سے اب ایک مرتبہ پھر عام انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کی عوامی مقبولیت کا سروے کروا کر اس کے نتائج جاری کیے گئے ہیں۔ دونوں نجی اداروں کے سروے کے نتائج میں تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ، جبکہ ن لیگ کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے۔

جبکہ یہ بات بھی واضح رہے کہ گزشتہ انتخابات سے قبل بھی ان دو اداروں کے جاری کردہ سروے نتائج ہی انتخابی نتائج سے ملتے جلتے تھے۔ اب گیلپ پاکستان کی جانب سے مرتب کردہ سروے نتائج کے مطابق قومی سطح پر ن لیگ کی مقبولیت میں 8 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور اس کی موجودہ مقبولیت 26 فیصد ہے۔ جبکہ تحریک انصاف کی قومی سطح کی مقبولیت 1 فیصد کمی کے بعد اب 25 فیصد کی سطح پر ہے۔

دوسری جانب پپیلز پارٹی کی قومی سطح کی مقبولیت 1 فیصد اضافے کے بعد اب 16 فیصد ہوگئی ہے۔

پلس کنسٹنٹ کی جانب سے مرتب کردہ سروے نتائج کے مطابق قومی سطح پر تحریک انصاف کی مقبولیت میں 7 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب اس جماعت کی مقبولیت 30 فیصد ہے۔ جبکہ ن لیگ کی قومی سطح کی مقبولیت میں 9 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور اس جماعت کی موجودہ مقبولیت 27 فیصد ہے۔ پیپلز پارٹی کی قومی سطح کی مقبولیت میں 2 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب اس کی مقبولیت 17 فیصد کی سطح پر ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات