پاکستانی شخص کو 700 درہم کا پاکستانی پاسپورٹ خرید کر پاکستان واپس آنے کی کوشش میں دبئی ائیرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 5 جولائی 2018 23:15

پاکستانی شخص کو 700 درہم کا پاکستانی پاسپورٹ خرید کر پاکستان واپس آنے ..
دبئی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 جولائی 2018ء) پاکستانی شخص 700 درہم کا پاکستانی پاسپورٹ خرید کر پاکستان واپس آنے کی کوشش میں دبئی ائیرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی ائیرپورٹ پر اس وقت ڈرامائی صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک پاکستانی شخص دبئی حکام کو چکما دے کر ایک دوسرے شخص کے پاسپورٹ پر پاکستان واپسی کیلئے روانہ ہونے والا تھا۔

اس موقع پر امیگریشن حکام نے پاسپورٹ میں لگی تصویر اور اس شخص کی شکل میں فرق کو بھانپ لیا اور اسے فوری گرفتار کروا لیا۔

(جاری ہے)

 تاہم پاسپورٹ اور دیگر کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران معلوم ہوا کہ تمام دستاویزات اصلی ہیں۔ بعد ازاں اس پاکستان شخص نے عدالت میں اعتراف کر لیا کہ وہ کسی اور شخص کے پاسپورٹ پر پاکستان واپس جانے کی کوشش کر رہا تھا۔

عدالت میں فرد جرم عائد ہونے کے بعد ملزم نے بتایا کہ وہ پاکستان واپس جانا چاہتا تھا لیکن اس کے پاسپورٹ نہیں تھا اور وہ بیروزگار بھی ہے۔ اس صورتحال کے باعث اس نے ایک پاکستانی سے 700 درہم کے عوض اس کا پاسپورٹ خرید لیا اور پھر اس پاسپورٹ پر پاکستان واپس جانے کی کوشش کی، تاہم عین وقت پر مجھے دبئی ائیرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔ اس کیس کا حتمی فیصلہ 16 جولائی کو سنایا جائے گا۔