Live Updates

ضلع میں الیکشن مانیٹرنگ افسران کی رپورٹس پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر قصور واروں کو شوکاز نوٹسز کے اجراء کا سلسلہ جاری

جمعرات 5 جولائی 2018 23:20

فیصل آباد۔5 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2018ء) ضلع میں الیکشن مانیٹرنگ افسران کی رپورٹس پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر قصور واروں کو شوکاز نوٹسز کے اجراء کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک خلاف ورزی کی شکایت پر انتخابی امیدواروں ‘ بلدیاتی نمائندوں اور سرکاری ملازمین کو 34 ۔شوکاز نوٹسز جاری ہو چکے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر / ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے اگلے مرحلے میں ضابطہ اخلاق کی مختلف خلاف ورزیوں کے مرتکب امیدواروں ‘ بلدیاتی نمائندوں اور سرکاری ملازمین کو طلب کیا جن میں حلقہ این اے 101 سے آزاد امیدوار چوہدری عاصم نذیر ‘ این اے 102 سے پی ٹی آئی کے امیدوار نواب شیر وسیر ‘میئر میونسپل کارپوریشن محمد رزاق ملک ‘ ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن محمد امین بٹ ‘ حلقہ پی پی 97 سے مسلم لیگ ( ن ) کے امیدوار آزاد علی تبسم ‘ پی ٹی آئی کے علی افضل ساہی ‘ آزاد امیدوار اجمل چیمہ ‘مختلف یونین کونسلز کے چیئرمین سلیم انصاری ‘ محمد شاہد ریاض‘ محمد افضل ڈوگر ‘ عتیق الرحمن ‘ محمد عاصم اقبال ڈوگر ‘ سکندر حیات ‘ وائس چیئرمین یاسین انصاری ‘ بعض محکموں کے ملازمین و دیگر شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے انہیں خلاف ورزیوں کی تفصیلات کے سے آگاہ کرتے ہوئے تحریری جواب پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر / ڈپٹی کمشنر نے قصورواروں کی طرف سے آئندہ خلاف ورزی نہ کرنے کی یقین دہانی پر انہیں وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں مزید قانونی کارروائی کی جائیگی ۔ اس ضمن میں قصور واروں کو پچاس ہزار روپے تک جرمانوں کی سزا ہوسکتی ہے یا ان کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کو رپورٹ کی جا سکتی ہے جس پر وہ انتخابات میں حصہ لینے کے لئے نااہل ہوسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے و سرکاری ملازمین انتخابی مہم میں حصہ نہ لیں بصورت دیگر ان کے محکموںکو رپورٹس ارسال کردی جائیں گی ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امیدوار اپنی تشہیر کے لئے الیکشن کمشن کے مقررکردہ سائز کے ہی بینرز،پوسٹرز آویزاں کریں۔علاوہ ازیں کسی قسم کے اسلحہ کی نمائش اور لے کر چلنے سے گریز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ امیدواران ضابطہ اخلاق کے تمام نکات سے بخوبی آگاہ رہتے ہوئے اس کی پابندی کویقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر حلقے میں مانیٹرنگ افسران کے علاوہ دیگر مختلف ادارے بھی انتخابی مہم کی نگرانی کررہے ہیں۔حلقہ این اے 102 سے امیدوار نواب شیر وسیر اور میئر میونسپل کارپوریشن محمد رزاق ملک کے نمائندے ڈپٹی کمشنر / ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے رو برو پیش ہوئے تاہم ڈپٹی کمشنر نے قصور واروں کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے لئے کل تک کی مہلت دی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات