بین الاقوامی سطح پرپولٹری کی بڑھتی ہوئی طلب قیمتوں میں اضافے کا سبب بن رہی ہے ، پولٹری ایسوسی ایشن کی شکایات کا جلد ازالہ کیا جائے گا، ضیاء حیدر رضوی

جمعہ 6 جولائی 2018 16:34

لاہور۔6 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2018ء) نگران صوبائی وزیر خزانہ و ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ضیاء حیدر رضوی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پرپولٹری کی بڑھتی ہوئی طلب قیمتوں میں اضافے کا سبب بن رہی ہے جس سے عام آدمی کی قوت خرید بری طرح متاثر ہو رہی ہے،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے متعلق پولٹری ایسوسی ایشن کی شکایات کا جائزہ لے رہے ہیں، نگران حکومت کی درخواست پر پولٹری ایسوسی ایشن کی جانب سے چکن کی قیمتوں میں کمی پر شکر گزار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ دربار ہال میں پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کا مقصد صوبائی وزیر کو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پولٹری کے کاروبار پر عائد ٹیکس کی ادائیگی میں درپیش مسائل سے آگاہ کرنا تھا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ عوامی تعاون کے حصول کے لیے حکومتی اداروں کو اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی ، ٹیکس دہندگان حکومت میں ہمارے شراکت دار ہیں ان کے مفادات کا احترام ہم پر لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری صوبے کے معاشی استحکام کی ذمہ دار ہے ، ان کے مسائل خود حکومت کے مسائل ہیں،صوبے میں پولٹری کے کاروبار اورعام آدمی کی روز مرہ غذا میں اس کی ضرورت و اہمیت سے بخوبی واقف ہیں، ایسوسی ایشن کی شکایات کا جلد سے جلد ازالہ کیا جائے گا ، وزیر خزانہ نے وفد کو بتایا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سرکار ی دفاتر میں عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔

متعلقہ محکموں کے اراکین روزانہ کی بنیاد پر لوگوں کی شکایات سن رہے ہیں ۔اس ضمن میں اوپن ڈور پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے تاکہ درخواست گزاروں کی اداروں تک رسائی کو آسان بنایا جا سکے ۔ صوبائی وزیر نے سیکرٹری لائیو سٹاک اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ وہ پولٹری ایسوسی ایشن کے ساتھ بیٹھ کر معاملات کو سلجھائیں اور اس ضمن میں انھیں ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پرپولٹری کی بڑھتی ہوئی طلب قیمتوں میں اضافے کا سبب بن رہی ہے جس سے عام آدمی کی قوت خرید بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔انھوں نے ایسوسی ایشن کے صدر سے درخواست کی کہ وہ پولٹری کی برآمد اور قیمتوں کا تعین کرتے ہوئے یہ ضرور مد نظر رکھیں، مرغی کا گوشت اور انڈے ہمارے ہاں نچلے اور متوسط طبقے اور بالخصوص بچوں کی غذا کا اہم حصہ ہے۔