شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات کے مشترکہ مقصد کیلئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہے،ڈاکٹر حسن عسکری

نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے چیئرمین پیمرا کی ملاقات، میڈیا کیلئے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے تبادلہ خیال

جمعہ 6 جولائی 2018 19:09

شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات کے مشترکہ مقصد کیلئے مشترکہ حکمت عملی ..
لاہور۔6 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے ملاقات کی جس میں انتخابی عمل کے دوران الیکشن کمیشن کے میڈیا کے لئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت نے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے ضروری اقدامات کئے ہیں اور ہم سب نے مل کر قومی ذمہ داری کو بطریق احسن ادا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ میڈیا کا رائے عامہ ہموارکرنے میں اہم کردار ہے اور موجودہ دور میں میڈیا کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے۔ انتخابی عمل اور پولنگ ڈے پر میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

ووٹرز کی موبلائزیشن کیلئے میڈیا نے قومی ذمہ داری نبھانی ہے اور ذمہ دارانہ انداز میں انتخابی عمل کے دوران فرائض سرانجام دینا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صاف، شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہے کیونکہ ہم سب کا مقصد شفاف اور منصفانہ الیکشن کا پرامن انعقاد ہے اور نگران حکومت اپنے اس قومی فریضہ کی انجام دہی کے لئے پرعزم ہے۔ اس موقع پرچیئرمین پیمرا نے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق برائے میڈیا پر مکمل عملدرآمد کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو آگاہ کیا۔ پیمرا کے ایگزیکٹو ممبر اشفاق جمانی، سیکرٹری پیمرا فخرالدین مغل، ریجنل جنرل مینجر پیمرا پنجاب عائشہ بلال ورک اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔