اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو بھارت کے حوالے کریں گے یا نہیں، ملائیشیا نے فیصلہ سنا دیا

ملائیشیا نے معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ملک بدر کرنے سے انکارکردیا

جمعہ 6 جولائی 2018 22:33

اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو بھارت کے حوالے کریں گے یا نہیں، ملائیشیا ..
کوالا لمپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2018ء) ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے بھارت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ملک بدر کرنے سے انکارکردیا ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے بھارتی حکومت کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے معروف اسلامی اسکالر اور بھارت میں اسلامی ریسرچ فائونڈیشن کے بانی ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ڈی پورٹ کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک پر بھارت میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت کئی مقدمات درج ہیں۔ڈاکٹر ذاکر نائیک کے لیکچرز سے متاثر ہو کر بھارت میں ہزاروں ہندوئوں نے اسلام قبول کیا جب کہ وہ انگریزی، اردو اور دیگر زبانوں میں ایک ٹی وی چینل بھی چلاتے ہیں جسے دنیا بھر میں دیکھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

نومبر 2016 میں ڈھاکا میں ایک ہوٹل پر ہونے والے حملے میں 22 افراد ہلاک ہوگئے تھے ،ْ گرفتار حملہ آوروں کا اپنے اقبالی بیان میں کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی تعلیمات سے متاثر تھے۔

بنگلا دیش میں حملہ آور کے اقبالی بیان کے بعد بھارت کے تحقیقاتی ادارے این آئی اے (نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ) نے بھارت میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خلاف مقدمات درج کیے جس کے بعد وہ بھارت چھوڑ کر پہلے سعودی عرب اور پھر ملائیشیا منتقل ہوگئے تھے جہاں انہیں شہریت دے کر مستقل رہائش کی اجازت دے دی گئی تھی۔بھارتی حکومت نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی حوالگی کیلئے ملائیشیا کی حکومت سے رابطہ کیا تھا تاہم وزیراعظم مہاتیر محمد نے مودی انتظامیہ کے مطالبے کو مستردکرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ملائیشیا میں مستقل رہائش دی چا چکی ہے اور بطور شہری ہونے کے جب تک وہ اس سرزمین پر کسی غیر قانونی کام یا جرم کے مرتکب نہیں ہوتے تب تک انہیں سزا یا ملک بدر نہیں کیا جا سکتا۔