Live Updates

ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کے بعد لاہور کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی

ممکنہ مظاہروں کے پیش نظر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی، اینٹی رائٹ فورس کے دستے بھی تیار

muhammad ali محمد علی ہفتہ 7 جولائی 2018 00:37

ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کے بعد لاہور کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جولائی2018ء) احتساب عدالت کا فیصلہ آنے پر شہر بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہر کی حساس اور اہم تنصیبات و شاہرائوں کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیاہے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ ممکنہ مظاہروں کے پیش نظر اینٹی رائٹ فورس کے دستے بھی تیار ہیں۔

توڑ پھوڑ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ تمام ڈویژنل ایس پیز موثرسکیورٹی اقدامات کریں۔ ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر نے بھاری نفری کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ شہر کے امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا اور اہلکاروں کو ڈیوٹی بارے الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پورے شہر میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے۔ شہری بلا خوف و خطر شہر میں کہیں بھی سفر کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف اور ان کے صاحبزادی مریم نواز کو جیل کی سزا سنائی ہے۔ جبکہ شریف خاندان پر ایک ارب روپے سے زائد کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بھی جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دونوں صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کی گرفتاری کیلئے بھی دائمی وارنٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔ نواز شریف کے دونوں صاحبزادوں کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ عدالت میں دونوں افراد کا ٹرائل کیا جائے گا اور پھر اس کے بعد ان کی مزید سزا کا تعین کیا جائے گا۔

جبکہ نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو وطن واپسی کی صورت میں ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کو ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کیلئے نیب نے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کو پاکستان واپسی پر ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا جائے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات