پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، سربراہ پاک بحریہ

ہفتہ 7 جولائی 2018 12:08

پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، سربراہ پاک بحریہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جولائی2018ء) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، مسلح افواج پاکستان کی سلامتی کو درپیش خطرات کو دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے کوشاں ہے،قومی مفادات کا تحفظ اور دفاعی خود مختاری ہماری ترجیحات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 109ویں مڈ شپ مین اور 18 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آٹ پریڈ کا انعقاد ہوا، جس کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی تھے۔تقریب میں بحرین نیوی کے سربراہ کموڈور محمد یوسف الآسام اور بحرین کوسٹ گارڈ کے سربراہ میجر جنرل علا الدین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے کوشاں ہے اور قومی مفادات کا تحفظ اور دفاعی خود مختاری ہماری ترجیحات ہیں۔

ایڈمرل طفر محمود عباسی نے بتایا کہ پاک بحریہ نے بحرہند میں ریجنل میری ٹائم پٹرولز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، جس سے بحری دہشت گردی، قذاقی اور اسمگلنگ کی روک تھام ہوگی۔پاس آ ئو ٹ ہونے والے آفیسرز میں دوست ممالک کے 43 آفیسرز بھی شامل تھے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شارٹ سروس کورس میں پہلی مرتبہ خصوصی طور پر دینی تعلیم و ترغیب کے آفیسرز نے کمیشن حاصل کیا۔تقریب کے دوران لیفٹیننٹ روحیل شہزاد کو قائداعظم گولڈ میڈل عطا کیا گیا، مڈشپ مین دایان احمد اکیڈمی ڈرک کے حقدار قرار پائے جبکہ مڈشپ مین کاشف قیوم کو اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔