صوبہ کی سات بڑی یونیورسٹیز میں مستقل وائس چانسلرز کی تعیناتی ایک بار پھر التواء کا شکار ، یونیورسٹی آف ساہیوال میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئے ارسال کی گئی سمری وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے ایچ ای ڈی نے واپس بھیج دی،یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئے سمری فوری چیف منسٹرہائوس نہ بھیجنے کا فیصلہ

ہفتہ 7 جولائی 2018 14:38

لاہور۔7 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2018ء) صوبہ کی سات بڑی یونیورسٹیز میں مستقل وائس چانسلرز کی تعیناتی ایک بار پھر التواء کا شکار ہو گئی، یونیورسٹی آف ساہیوال میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئے ارسال کی گئی سمری وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو واپس بھیج دی،وی سی کے تقرر کیلئے سپریم کورٹ سے ہدایات لینے کے بعد سمری دوبارہ سی ایم ہائوس ارسال کی جائیگی جبکہ یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئے سمری فوری چیف منسٹرہائوس نہ بھیجنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔

محکمہ تعلیم کے ذرائع نے اے پی پی کوبتایا کہ مستقل وائس چانسلرکی تعیناتی کیلئے سمری گزشتہ ہفتے منظوری کیلئے چیف منسٹر ہائوس بھجوائی گئی،جس میں میرٹ پر مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی، حروف تہجی کے حساب سے تقرری یاسپریم کورٹ سے ہدایات کے ذریعے مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کرنے کے حوالے سے تین آپشنز دئیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چیف منسٹر سیکرٹریٹ کی طرف سے پہلی دونوں آپشنز کو مسترد کرتے ہوئے مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئے سپریم کورٹ سے واضح ہدایات لینے کے بعد سمری دوبارہ چیف منسٹر ہائوس بھجوانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق ایچ ای ڈی پنجاب نے یونیورسٹی آف ساہیوال سمیت پنجاب بھر کی دیگر جامعات میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری کیلئے سپریم کورٹ سے واضح ہدایات کے ذریعے مستقل وائس چانسلر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے،جس کے بعد سمری دوبارہ سی ایم ہائوس بھجوائی جائیگی۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں بھی مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کے انٹرویوز مکمل ہونے کے بعد تین ناموں کا پینل حتمی منظوری کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوانا تھا لیکن یونیورسٹی آف ساہیوال میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کی سمری سی ایم ہائو س سے واپس آنے کے بعد اوکاڑہ یونیورسٹی کی سمری بھی فی الحال ایچ ای ڈی نے روک لی ہے۔

ذرا ئع کے مطابق ویمن یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور،ویمن یونیورسٹی ملتان،غازی یونیورسٹی ڈی جی خان،لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی،یونیورسٹی آف جھنگ میں تاحال وائس چانسلر کی تعیناتی نہیں ہوسکی۔ذرائع کے مطابق پنجاب یونیورسٹی میں سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق میرٹ پر مستقل وائس چانسلر تعینات کیا گیا تھاحالانکہ یونیورسٹی ایکٹ کے مطابق حروف تہجی کے حساب سے اعلیٰ اتھارٹی کو نام بھجوانا تھے۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی آف ساہیوال میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئی27امیدواروں کے انٹرویوز19جون بروز منگل کو ہوئے تھے۔